وقف بورڈ کی تشکیل جدید کیلئے الیکشن آفیسر اور تین اسسٹنٹ الیکشن آفیسرس کا تقرر

   

صدرنشین اور ارکان کے عہدوں کے لیے قائدین کی پیروی کا آغاز
حیدرآباد۔28۔ جنوری (سیاست نیوز) حکومت نے تلنگانہ وقف بورڈ کی تشکیل جدید کے تحت 6 ارکان کے انتخاب کے لئے الیکشن آفیسر اور 3 اسسٹنٹ الیکشن آفیسرس کا تقرر کیا ہے ۔ 11 رکنی وقف بورڈ میں 6 ارکان کا رائے دہی کے ذریعہ انتخاب کیا جاتا ہے جبکہ 5 ارکان حکومت کی جانب سے نامزد کئے جاتے ہیں۔ موجودہ بورڈ کی میعاد 22 فروری کو ختم ہورہی ہے ، لہذا حکومت نے نئے بورڈ کی تشکیل جدید کا اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کلکٹر حیدرآباد ایل شرمن آئی اے ایس کو الیکشن آفیسر مقرر کیا ہے۔ وی پرشانت اور ایس سرینواس ریڈی سیکشن آفیسرس محکمہ اقلیتی بہبود اور میر منور علی اگزیکیٹیو آفیسرتلنگانہ وقف بورڈ کو اسسٹنٹ الیکشن آفیسرس مقرر کیا گیا تاکہ الیکشن کے انعقاد میں الیکشن آفیسر سے تعاون کریں۔ پرنسپل سکریٹری اقلیتی بہبود احمد ندیم کی جانب سے جاری کردہ جی او ایم ایس 8 کے تحت ارکان اسمبلی ، ارکان مقننہ ، بار کونسل اور متولی و مینجنگ کمیٹی زمرہ جات کے جملہ 6 ارکان کے انتخاب کے لئے الیکشن آفیسر کی جانب سے شیڈول جاری کیا جائے گا ۔ موجودہ بورڈ میں ایک رکن پارلیمنٹ کے علاوہ اسمبلی اور کونسل سے ایک ایک رکن کو منتخب کیا گیا تھا۔ حکومت کی جانب سے مختلف زمرہ جات میں 5 ارکان کو نامزد کیا جائے گا ۔ اعلامیہ کی اجرائی کے ساتھ ہی الیکشن کی سرگرمیوں کا آغاز ہوچکا ہے۔ حکومت نے چیف اگزیکیٹیو آفیسر شاہنواز قاسم کو الیکشن کے انعقاد میں الیکشن آفیسر سے مکمل تعاون کی ہدایت دی ہے ۔ الیکشن سے متعلق تمام اخراجات وقف بورڈ کی جانب سے ادا کئے جائیں گے ۔ الیکشن کی تکمیل کے بعد الیکشن آفیسر نتائج کا اعلان کریں گے۔ الیکشن آفیسر کے تقرر کے ساتھ ہی وقف بورڈ کے صدرنشین اور ارکان کیلئے برسر اقتدار ٹی آر ایس اور اس کی حلیف جماعت مجلس کے قائدین کی جانب سے پیروی کا آغاز ہوچکا ہے۔ اسی دوران موجودہ وقف بورڈ کے 29 جنوری کے اجلاس کو ملتوی کردیا گیا ہے۔ توقع ہے کہ یہ اجلاس فروری کے پہلے ہفتہ میں منعقد ہوگا اور یہ موجودہ بورڈ کا آخری اجلاس ہوگا۔ ر