محمود علی اور محمد سلیم نے گاڑیوں کو جھنڈی دکھائی، قبرستانوں میں مفت تدفین کی ہدایت
حیدرآباد : تلنگانہ وقف بورڈ کی جانب سے غریب اور مستحق مسلم خاندانوں میں 21 لاکھ روپئے کے خرچ سے غذائی اجناس کے گفٹ پیاکٹس کی تقسیم کا آغاز ہوا۔ شہر کے مختلف اسمبلی حلقہ جات میں پہلے مرحلہ کے تحت 2500 گفٹ پیاکٹس غریبوں میں تقسیم کئے جائیں گے۔ وزیرداخلہ محمد محمود علی اور صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے آج حج ہاؤز نامپلی میں گفٹ پیاکٹس کی گاڑیوں کو جھنڈی دکھاکر روانہ کیا۔ گفٹ پیاکٹ میں چاول، آٹا، تیل اور شکر کو شامل کیا گیا ہے۔ وقف بورڈ کی جانب سے گزشتہ سال لاک ڈاؤن اور سیلاب کے موقع پر 40 لاکھ کے غذائی اجناس تقسیم کئے گئے۔ کورونا وبا نے کئی خاندانوں کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے۔ وقف بورڈ نے غریب مسلم خاندانوں کی امداد کے فریضہ کی تکمیل کرتے ہوئے مصیبت کی اس گھڑی میں اناج کے ذریعہ مدد کی ہے۔ وزیرداخلہ محمد محمود علی نے صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم کو مبارکباد پیش کی اور کہاکہ وقف بورڈ نے غریب خاندانوں کی مدد کے ذریعہ دوسروں کے لئے مثال قائم کی ہے۔ محمود علی نے کہاکہ حکومت کی جانب سے ہر سال 4 لاکھ سے زائد غریب خاندانوں میں رمضان گفٹ کے تحت ملبوسات کا تحفہ پیش کیا جاتا ہے۔ انھوں نے کہاکہ انسانیت کی خدمت کے جذبہ کے تحت غریبوں کو امداد وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انھوں نے عوام کو مشورہ دیا کہ کورونا علاج کے بارے میں غفلت سے کام نہ لیں۔ ابتدائی علامات کے ساتھ ہی فوری علاج شروع کردیں۔ عام طور پر لوگ طبیعت کے نازک ہونے کے بعد دواخانوں سے رجوع ہورہے ہیں اور ایسی حالت میں زندگی بچانا مشکل ہوجاتا ہے۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے کہاکہ چیف منسٹر کے سی آر کی ہدایت پر غریب خاندانوں میں اناج کی تقسیم کا فیصلہ کیا گیا۔ کے سی آر ملک کے واحد سیکولر چیف منسٹر ہیں جو تمام مذاہب کا یکساں طور پر احترام کرتے ہیں۔ محمد سلیم نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ کورونا کے خاتمہ کے لئے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کریں۔ مساجد میں سماجی فاصلہ کو برقرار رکھا جائے اور ماسک کا استعمال اپنے پر لازم کرلیں۔ انھوں نے کہاکہ کورونا پر قابو پانے کے لئے سرکاری مشنری متحرک ہے۔ انھوں نے کہاکہ رمضان المبارک کے بعد وقف بورڈ کے اجلاس میں کورونا کا شکار غریب افراد کی مدد کے بارے میں فیصلہ کیا جائے گا۔ حکومت اور این جی اوز کی جانب سے آکسیجن کی سربراہی کا انتظام کیا جارہا ہے۔ محمد سلیم نے قبرستانوں کے متولی اور کمیٹیوں سے اپیل کی کہ وہ تدفین کے لئے جگہ کی فراہمی کے لئے شرائط نہ رکھیں۔ مقامی و غیر مقامی ہر میت کے لئے تدفین کا انتظام کیا جائے۔ جگہ کی فراہمی سے انکار پر وقف بورڈ کی جانب سے کارروائی کی جائے گی۔ وقف بورڈ کے عہدیدار عنقریب قبرستانوں کا معائنہ کریں گے۔ وقف بورڈ میں ہیلپ لائن کاؤنٹر قائم کیا گیا ہے جہاں سے تجہیز و تکفین کے لئے 5000 روپئے کی مدد کی جارہی ہے۔ محمد سلیم نے کہاکہ کئی این جی اوز نے میتوں کی منتقلی کے لئے گاڑیوں کا انتظام کیا ہے۔ انھوں نے کورونا میتوں کے غسل کے لئے موبائیل غسل خانوں کی ضرورت ظاہر کی۔ انھوں نے کہاکہ کوویڈ میتوں کی تدفین کے لئے جگہ فراہم نہ کرنے پر متولی اور کمیٹی کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ صدرنشین وقف بورڈ نے کہاکہ کورونا وبا اور نائٹ کرفیو سے 40 فیصد غریب خاندان کھانے کے محتاج ہوچکے ہیں اور ہزاروں افراد روزگار سے محروم ہوگئے۔ حج ہاؤز میں اناج پیاکٹس کی تقسیم کے موقع پر ارکان اسمبلی جعفر حسین معراج، کوثر محی الدین، ایم گوپال، رکن وقف بورڈ نثار حسین حیدر آغا اور ٹی آر ایس اقلیتی قائدین اور وقف بورڈ کے عہدیدار موجود تھے۔