12 امور کا جائزہ اور فیصلہ کیلئے بورڈ سے رجوع
حیدرآباد: تلنگانہ وقف بورڈ کی چار سب کمیٹیوں کا اجلاس آج حج ہاؤز میں واقع وقف بورڈ کے دفتر میں منعقد ہوا۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے صدارت کی۔ تولیت کمیٹی نے 5 ، ڈیولپمنٹ کمیٹی نے 4 ، انتظامی کمیٹی نے دو اور لیگل کمیٹی نے ایک مسئلہ کا جائزہ لیا ۔ اس طرح 12 مختلف امور زیر بحث رہے۔ اوقافی جائیدادوں کی ترقی اور ان کے تحفظ کے علاوہ وقف بورڈ کی آمدنی میں اضافہ کیلئے اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ متولیوں کے تقررات کے سلسلہ میں جو سفارشات پیش کی گئیں ، انہیں بورڈ کے مجوزہ اجلاس میں پیش کیا جائے گا ۔ سب کمیٹیوں نے اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کے لئے ہر ممکن اقدامات کا فیصلہ کیا اور طئے کیا گیا کہ منشائے وقف کے مطابق فیصلے کئے جائیں۔ عدالتوں میں زیر دوران مقدمات میں موثر نمائندگی کے لئے سینئر وکلاء کی خدمات حاصل کی جائیںگی۔ سب کمیٹیوں کے اجلاس میں ارکان مولانا سید اکبر نظام الدین ، ذاکر حسین جاوید ، ڈاکٹر صوفیہ بیگم ، عبدالوحید ، نثار حسین حیدر آغا کے علاوہ چیف اگزیکیٹیو آفیسر عبدالحمید نے شرکت کی۔
