6 ارکان کی چیف ایکزیکیٹو آفیسر سے نمائندگی ، 3 مخلوعہ نشستوں کو پُر کرنے کی ضرورت
حیدرآباد۔/6 جولائی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ وقف بورڈ کے اجلاس کی طلبی کے مسئلہ پر تعطل برقرار ہے اور اس سلسلہ میں چیف ایکزیکیٹو آفیسر عبدالحمید نے حکومت سے وضاحت طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اسمبلی انتخابات کے اعلامیہ کی اجرائی کے بعد سے بورڈ کا اجلاس آج تک منعقد نہ ہوسکا کیونکہ وقفہ وقفہ سے لوک سبھا اور پھر مجالس مقامی کے انتخابات کے سبب ضابطہ اخلاق نافذ رہا۔ بورڈ کی عدم کارکردگی کے سبب نہ صرف روز مرہ کا کام کاج متاثر ہورہا ہے بلکہ فائیلوں کی یکسوئی میں تاخیر کی شکایات ملی ہیں۔ مستقل چیف ایکزیکیٹو آفیسر کی حیثیت سے عبدالحمید کے تقرر کے بعد بورڈ کے ارکان نے اجلاس کی طلبی کے سلسلہ میں چیف ایکزیکیٹو آفیسر سے نمائندگی کی ہے۔ واضح رہے کہ بورڈ میں 11 ارکان کے منجملہ 3 زمروں کی نشستیں خالی ہیں جن میں رکن پارلیمنٹ، رکن اسمبلی اور بار کونسل شامل ہیں۔ اسی دوران بورڈ کے 6 ارکان نے چیف ایکزیکیٹو آفیسر سے اجلاس طلب کرنے کی درخواست کرتے ہوئے یادداشت پیش کی ہے۔ جن 6 ارکان نے یادداشت پر دستخط کی ہے ان میں سید شاہ اکبر نظام الدین حسینی، مرزا انوار بیگ، ملک معتصم خاں، ڈاکٹر صوفیہ بیگم، ذاکر حسین جاوید اور وحید احمد شامل ہیں۔ انہوں نے اپنے مکتوب میں بتایا کہ بورڈ کا آخری اجلاس 5 فبروری کو منعقد ہوا تھا جبکہ وقف قواعد کے مطابق ہر دو ماہ میں کم از کم ایک بار اجلاس منعقد ہونا چاہیئے۔ اجلاس کے عدم انعقاد کے نتیجہ میں اہم جائیدادوں کو خطرہ لاحق ہوچکا ہے۔ اس کے علاوہ متولیوں اور منیجنگ کمیٹیوں کی میعاد کے اختتام کے باوجود توسیع یا نئی کمیٹیوں کی تشکیل میں رکاوٹ پیدا ہوچکی ہے۔ بورڈ کی عدم کارکردگی سے عام مسلمانوں میں بے چینی پائی جاتی ہے۔ اسی دوران چیف ایکزیکیٹو آفیسر عبدالحمید نے بتایا کہ وہ ارکان کی یادداشت کے حوالے سے حکومت کو مکتوب روانہ کریں گے جس میں بورڈ کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تین زمروں کی خالی نشستوں کے سبب بورڈ نامکمل ہے۔ وہ ان نشستوں کو پُر کرنے کیلئے حکومت سے درخواست کریں گے۔ عبدالحمید نے کہا کہ صدرنشین کے مسئلہ پر بھی قانونی اُلجھن پائی جاتی ہے اور اس سلسلہ میں حکومت قانونی رائے حاصل کرسکتی ہے۔
عبدالحمید نے کہا کہ بعض فنی وجوہات کے سبب ملازمین کی تنخواہوں کی اجرائی میں تاخیر ہوئی ہے۔ آئندہ دو دنوں میں اس مسئلہ کی یکسوئی کرلی جائے گی۔
