ہنگامی صورتحال میں 20 لاکھ تک کی اجرائی کا بھی اختیار ، بورڈ کے اجلاس میں متفقہ طور پر قرار داد منظور
حیدرآباد۔31۔مئی (سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ ریاستی وقف بورڈجناب محمد مسیح اللہ خان کو آج نو تشکیل شدہ بورڈ کے اجلاس میں تمام اختیارات تفویض کردیئے گئے ۔ تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ کے اجلاس کے دوران ہنگامی صورتحال میں صدرنشین کو بورڈ کی منظوری کے بغیر 20 لاکھ تک کی اجرائی کا اختیار دیا گیا ہے جو سابق میں 10لاکھ روپئے تک کی اجرائی کا اختیار حاصل تھا۔ صدرنشین جناب محمد مسیح اللہ خان کی زیر صدارت منعقد ہونے والے اس اجلاس میںارکان وقف بورڈ جناب محمد فاروق حسین رکن قانون ساز کونسل ‘ جناب کوثر محی الدین رکن اسمبلی ‘ مولانا سید ابوالفتح بندگی پاشاہ ‘ جناب ملک معتصم خان‘ مولاناسید نثار حسین حیدرآغا‘ جناب زیڈ ایچ جاوید اورانچارج چیف ایکزیکیٹیوآفیسرجناب ایم بی شفیع اللہ و دیگر موجود تھے۔ صدرنشین کو اختیارات تفویض کرنے کے معاملہ میں ارکان نے حسب سابق تمام اختیارات صدرنشین کے حوالہ کرنے کی قرارداد کو متفقہ طور پر منظور کیا اور ہنگامی صورت میں رقومات کی اجرائی کی حد جو 10 لاکھ روپئے ہوا کرتی تھی اسے 20 لاکھ روپئے تک کرنے کی منظوری دی گئی تاکہ بورڈ کے اجلاس کے عدم انعقاد کی صورت میں صدرنشین اپنے طور پر ان منظوریوں کو یقینی بناسکیں۔ علاوہ ازیں ریاست بھر میں موجود اوقافی ادارۂ جات میں تعمیری و مرمتی کاموں کے علاوہ دیگر امور کی انجام دہی کے لئے 5لاکھ تک کی منظوری کا جو اختیار تھا اس کی حد میں اضافہ کرتے ہوئے اسے بھی دوگنا کردیا گیا اور اب اوقافی ادارۂ جات کی تعمیر و مرمت کے علاوہ دیگر امور کی انجام دہی کے لئے صدرنشین وقف بورڈ اپنے طور پر 10لاکھ روپئے تک کی منظوری کا اختیار رکھتے ہیں۔ ارکان وقف بورڈ نے اجلاس کے دوران کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئے فعال چیف ایکزیکیٹیو آفیسر جو ہمہ وقت دفتر میں موجودرہے ایسے عہدیدارکے تقرر کو یقینی بنانے کی مانگ کی اور کہا کہ صدرنشین ارکان کو اس سلسلہ میں توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ ارکان وقف بورڈ نے صدرنشین جناب محمد مسیح اللہ خان کی قیادت پر اپنے مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں توقع ہے کہ صدرنشین بورڈ کے ارکان اور عہدیداروں کے درمیان بہتر تال میل کے ذریعہ اوقافی جائیدادوں کے تحفظ اور اپنے عہدہ سے مکمل انصاف کریں گے۔ ارکان وقف بورڈ نے صدرنشین کو تیقن دیا کہ وہ ان کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے اور تلنگانہ میں اوقافی جائیدادوں کی ترقی ‘ بورڈ کی آمدنی میں اضافہ کے علاوہ جائیدادوں کے تحفظ کے سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات میں ان کے ساتھ رہیں گے۔م