سی ای او نے چیمبر تبدیل کردیا
حیدرآباد: واستو کا لفظ سنتے ہی ان دنوں سکریٹریٹ کی قدیم عمارتوں کا تصور آجاتا ہے۔ چیف منسٹر کے سی آر موجودہ سکریٹریٹ کو واستو کے خلاف تصور کرتے ہوئے منہدم کرچکے ہیں اور وہ انتہائی عالیشان سکریٹریٹ واستو کے عین مطابق تعمیر کرنے کی تیاری میں ہیں۔ کے سی آر کے علاوہ بعض دیگر سیاستداں اپنا ہر کام واستو کے مطابق انجام دیتے ہیں لیکن اگر واستو کا تصور وقف بورڈ میں دیکھا جائے تو ہر کسی کو حیرت ہونا ضروری ہے ۔ وقف بورڈ کے دفتر میں چیف اگزیکیٹیو آفیسر کا چیمبر ہر عہدیدار کے دور میں کسی تبدیلی کے بغیر برقرار رہا اور جو بھی عہدیدار چیف اگزیکیٹیو آفیسر کی حیثیت سے فائز کئے گئے وہ کسی تبدیلی کے بغیر اسی چیمبر میں کام کرتے رہے ۔ گزشتہ دنوں حکومت نے عبدالحمید کے ایڈیشنل کلکٹر جنگاؤں کی حیثیت سے تقرر کے بعد ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسر حیدرآباد محمد قاسم کو زائد ذمہ داری دی گئی۔ انہوں نے عہدہ کا جائزہ حاصل کرتے ہی چیمبر میں واستو کے مطابق تبدیلیاں کردیں۔ جس رخ پر دیگر عہدیداروں نے اپنی نشست رکھی تھی، موجودہ عہدیدار نے اس کے برعکس مقابل میں اپنی کرسی کا تعین کیا ہے۔ وقف بورڈ کے عہدیدار و ملازمین اس تبدیلی پر حیرت میں ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ سابق میں جب محمد قاسم انچارج سی ای او تھے، اس وقت بھی انہوں نے اپنی نشست واستو کے مطابق رکھی تھی۔ وقف بورڈ کے دفتر میں واستو کے تحت آفس کی تیاری نہ صرف ملازمین بلکہ وزیٹرس کے لئے حیرت کا باعث بنی ہوئی ہے۔