وقف بورڈ کے شعبہ کرایہ میں بدعنوانیوں پر سخت ردعمل

   

خاطی عملہ کے خلاف سخت کاروائی کرنے صدر نشین کا عزم
حیدرآباد۔28۔مارچ(سیاست نیوز) تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ اپنے شعبہ کرایہ میں اصلاحات اور اسے بہتر بنانے کے اقدامات کو یقینی بنانے کے علاوہ بدعنوانیوں میں ملوث عہدیداروں کے خلاف کاروائی کرے گا۔ صدرنشین تلنگانہ ریاستی وقف بور ڈ جناب محمد مسیح اللہ خان نے شعبہ کرایہ میں پائی جانے والی دھاندلیوں کے سلسلہ میں شائع ہونے والی خبر پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ وقف بورڈ کے کرایہ داروں کو اگر کسی بھی طرح کی مشکلات کا سامنا ہے تو وہ راست ان سے رجوع ہوسکتے ہیں۔ انہو ںنے بتایا کہ کرایہ کی عدم وصولی اور کرایہ میں اضافہ کے معاملات کے علاوہ موقوفہ جائیدادوں کے ریکارڈ س کے معاملہ میں شعبہ رینٹ میں دھاندلیوں کی شکایات کا جائزہ لیا جائے گا اور اسے مستحکم بنانے کے علاوہ کارکردگی میں بہتری لانے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ جناب محمد مسیح اللہ خان نے بتایا کہ وقف بورڈ میںطویل مدت سے ایک ہی جگہ خدمات انجام دینے والے ملازمین و عہدیداروں کی نشاندہی کی ہدایت دی گئی ہے اور جلد ہی بورڈ کے اجلاس میں اس مسئلہ کا بھی جائزہ لیتے ہوئے بعد رمضان بڑے پیمانے پر ذمہ داریوں کو تبدیل کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے اور اضلاع میں بھی بورڈ کی جائیدادوں و ادارہ جات کو مستحکم بنانے کے علاوہ ان کی آمدنی میں اضافہ کے لئے تجربہ کار عملہ کو روانہ کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ صدرنشین وقف بورڈ نے کہا کہ ریاست میں اوقافی جائیدادوں کے تحفظ اور ان کے ذریعہ ہونے والی آمدنی میں اضافہ کے اقدامات کئے جارہے ہیں اور جلد ہی وہ اس منصوبہ کو منظر عام پر لاتے ہوئے دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے علاوہ نواحی علاقوں و اضلاع میں موجود اہم جائیدادوں کے تحفظ و ترقی کے سلسلہ میں اقدامات کی تجاویز پیش کی جائیں گی اور نہ صرف وقف بورڈ و حکومت بلکہ سرکردہ ذمہ داران ملت اسلامیہ سے بھی اہم موقوفہ جائیدادوں کے درست استعمال اور ان کے ذریعہ ہونے والی آمدنی کو ملت کی فلاح و بہبود کے لئے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ سرکردہ موقوفہ جائیدادوں کے تحفظ کے علاوہ ان کے منشائے وقف کے مطابق استعمال کو یقینی بنانے کے سلسلہ میں بھی مشاورت کا سلسلہ جاری ہے۔م