وقف بورڈ کے قضاۃ سیکشن میں بے قاعدگیوں پر شاہنواز قاسم کی کارروائی

   

انچارج عہدیدار کا تبادلہ، مقررہ فیس پر سرٹیفکٹ جاری کرنے کی ہدایت

حیدرآباد۔3 ۔ فروری (سیاست نیوز) ڈائرکٹر اقلیتی بہبود و چیف اگزیکیٹیو آفیسر شاہنواز قاسم آئی پی ایس نے وقف بورڈ کے قضاۃ سیکشن میں بے قاعدگیوں کی شکایات کا سختی سے نوٹ لیتے ہوئے انچارج عہدیدار کا فوری تبادلہ کردیا ہے ۔ قضاۃ سیکشن میں حالیہ عرصہ میں بروکرس کی سرگرمیوں میں اضافہ کے پیش نظر عوام کو میریج اور دیگر سرٹیفکٹس کے حصول میں دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ مقررہ فیس سے کہیں زیادہ فیس حاصل کرتے ہوئے عوام کو سرٹیفکٹس جاری کئے جارہے ہیں اور قضاۃ سیکشن کا عملہ بروکرس سے ملا ہوا تھا۔ شاہنواز قاسم نے بتایا کہ مختلف گوشوں سے شکایات ملنے کے بعد انہوں نے اس معاملہ کی جانچ کی جس میں سنگین بے قاعدگیوں کا انکشاف ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بعض بروکرس اور قاضیوں کی جانب سے بیک وقت 10 تا 50 درخواستیں داخل کی جارہی ہیں اور راست طورپر پہنچنے والے افراد کو تاخیر ہورہی ہے۔ وقف بورڈ کے ملازمین ، قاضیوں اور بروکرس کی ملی بھکت کو ختم کرنے کیلئے شاہنواز قاسم نے انچارج عہدیدار کا فی الفور تبادلہ کردیا اور انتباہ دیا کہ اگر بے قاعدگیوں میں کوئی بھی ملازم ملوث پایا گیا تو اسے فی الفور معطل کردیا جائے گا۔ قضاۃ کی سرگرمیوں پر نظر رکھنے کیلئے میناریٹی ڈپارٹمنٹ کے بعض عہدیداروں اور ملازمین کو ذمہ داری دی گئی ہے۔ وقتاً فوقتاً رپورٹ طلب کرتے ہوئے شاہنواز قاسم قضاۃ کے معاملات میں شفافیت پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ روزانہ بروکرس اور ملازمین کو ہزاروں روپئے کی آمدنی ہورہی ہے۔ شاہنواز قاسم نے صدرنشین محمد سلیم سے مشاورت کے بعد انچارج عہدیدار کا تبادلہ کردیا اور فی الفور نئے عہدیدار نے اپنی ذمہ داری سنبھال لی ہے۔ مرکزی حکومت کی جانب سے شادی کی عمر میں اضافہ کی تجویز کے بعد سے شادیوںکی تقاریب میں اضافہ ہوچکا ہے جس کا فائدہ اٹھاکر بروکرس اور قضاۃ کے عہدیدار و ملازمین زائد رقومات وصول کر رہے تھے۔ر