سیاست کی خبر کا اثر
حیدرآباد۔17۔ مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ وقف بورڈ کے ملازمین کی تنخواہوں سے محرومی سے متعلق روزنامہ سیاست نے خبر کی اشاعت کے ساتھ ہی محکمہ اقلیتی بہبود نے فوری حرکت میں آتے ہوئے تنخواہوں کی ادائیگی کی مساعی شروع کردی ہے۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود و چیف اگزیکیٹیو آفیسر شاہنواز قاسم آئی پی ایس نے متعلقہ بینک عہدیداروں سے بات چیت کی اور نئے طریقہ کار کے تحت مکتوب حوالے کرنے سے اتفاق کیا۔ چیف اگزیکیٹیو آفیسر کی جانب سے مکتوب وصول ہونے کے فوری بعد توقع ہے کہ ہفتہ کو ملازمین کی تنخواہیں جاری کردی جائیں گی۔ تنخواہوں کی اجرائی کیلئے صدرنشین اور چیف اگزیکیٹیو آفیسر کے دستخط ضروری ہیں اور موجودہ حالات میں صدرنشین کے بغیر ہی ملازمین کی تنخواہوں کا انتظام کرنا ہے۔ شاہنواز قاسم نے بورڈ کے 300 ملازمین کی دشواریوں کو محسوس کرتے ہوئے بینک عہدیداروں سے بات چیت کی ۔ بینک حکام نے کہاکہ اگر چیف اگزیکیٹیو آفیسر ذمہ داری لیں تو وہ تنخواہیں جاری کردیں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ ایک ماہ کی تنخواہ پر تقریباً 90 لاکھ روپئے جاری کئے جاتے ہیں۔ بینک کو چیکس کی اجرائی کے طریقہ کار میں تبدیلی کرتے ہوئے چیف اگزیکیٹیو آفیسر مکتوب روانہ کر رہے ہیں۔ سیاست میں خبر کی اشاعت کے بعد سکریٹری اقلیتی بہبود احمد ندیم نے وقف بورڈ کے عہدیداروں سے تنخواہوں کی عدم اجرائی کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ بتایا جاتا ہے کہ وزیر اقلیتی بہبود کے ایشور اس بارے میں لاعلم ہیں۔ اسی دوران شاہنواز قاسم نے بتایا کہ تنخواہوں کی اجرائی کیلئے درکار قواعد کی تکمیل کی جارہی ہے اور ہفتہ کے دن ملازمین کے اکاؤنٹ میں تنخواہ جمع ہوجائے گی۔ر