درگاہ حضرت جہانگیر پیراں ؒ کی ترقی کیلئے 4 ایکر اراضی درکار : شاہنواز قاسم
حیدرآباد۔یکم ڈسمبر، ( سیاست نیوز) حکومت نے وقف بورڈ کے تحت تین اہم پراجکٹس کے تعمیری کاموں کیلئے 105 کروڑ روپئے جاری کئے ہیں جن میں درگاہ حضرت جہانگیر پیراںؒ کے ترقیاتی کاموں کے علاوہ تاریخی مکہ مسجد کی مرمت و تزئین نو اور انیس الغرباء کامپلکس کی تعمیر شامل ہیں۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود شاہنواز قاسم نے تینوں پراجکٹس کے سلسلہ میں حکومت کو 210 کروڑ روپئے کی ضرورت سے آگاہ کیا تھا اور حکومت نے 2018 سے آج تک مختلف جی اوز کے ذریعہ جملہ 105 کروڑ روپئے کی رقم جاری کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تینوں پراجکٹس کی عاجلانہ تکمیل کے سلسلہ میں متعلقہ عہدیداروں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود کے مطابق درگاہ حضرت جہانگیر پیراں ؒ کے توسیعی کاموں کے سلسلہ میں اراضی کے حصول میں جو دشواریاں ہیں انہیں اندرون ایک ماہ دور کرلیا جائے گا اور توقع ہے کہ منصوبہ کے مطابق 4 ایکر اراضی حاصل ہوگی۔ اراضی مالکین کی جانب سے اراضی حوالے کرنے سے انکار کیا جارہا ہے حالانکہ حکومت نے مارکٹ ریٹ کے حساب سے معاوضہ کا پیشکش بھی کیا۔ ضلع کلکٹر رنگاریڈی اموئے کمار اور رکن اسمبلی شاد نگر کو اس سلسلہ میں ذمہ داری دی گئی ہے۔ رکن اسمبلی نے اراضی مالکین سے بات چیت کرتے ہوئے مسئلہ کی یکسوئی کا تیقن دیا ہے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے جو درگاہ حضرت جہانگیر پیراں ؒ کے عقیدتمند ہیں انہوں نے تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد توسیعی پراجکٹ کا عہد کیا تھا۔ اس پراجکٹ کے تحت اطراف کی 4 ایکر اراضی حاصل کرتے ہوئے زائرین کیلئے سہولتوں میں اضافہ کیا جائے گا۔ کلکٹر رنگاریڈی عنقریب اراضی حصول کے سلسلہ میں جائزہ اجلاس طلب کریں گے۔ شاہنواز قاسم کے مطابق ریوینو اور وقف عہدیداروں کی ٹیم نے آج اراضی کا سروے کرتے ہوئے اراضی مالکین سے بات چیت کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ 5 متاثرین ہیں جنہیں اس پراجکٹ کیلئے اراضی حوالے کرنا ہے۔ مختلف وجوہات کے سبب وہ اراضی حوالے کرنے سے انکار کررہے ہیں۔ شاہنواز قاسم نے بتایا کہ شہر میں اقامتی اسکولوں کی ذاتی عمارتوں کی تعمیر کیلئے تقریباً 5 اراضیات کی نشاندہی کرلی گئی ہے۔ ر