محبوب نگر /12 مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) وقف ترمیمی بل 2024 ملک کے کروڑوں مسلمانوں کے حقوق ضبط کرلینے کے مترادف ہے۔ ان خیالات کا اظہار سینئیر کانگریس قائد حنیف احمد نے کیا وہ پیر کے دن اپنے دفتر میں مسلم دانشوروں کے اجلاس سے مخاطب تھے ۔ انہوں نے مرکزی حکومت پر الزام لگایا کہ وہ اقلیتوں کے خلاف منظم سازش کے تحت ایسے ایکٹ کیلئے بل لارہی ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ مرکزی حکومت خدا داد ( وقف ) جائیداد کو چوری کرنے کی کوشش کر رہی ہے ۔ جبکہ وقف خدا کی ملکیت ہے اسلامی قوانین کے مطابق یہ اراضی خدائی اور مذہبی امور کے انتظام کیلئے عطیہ دھندگان کی فراہم کردہ ہے جوکہ غریب مسلمانوں کی فلاح و بہبود کیلئے استعمال ہوتی ہے ۔ ملک بھر میں وقف کی 8.7 لاکھ کروڑ کی 9.4 لاکھ ایکر جائیدادیں ہیں جو مسلم اقلیتی تنظیمیں غریبوں کی ضروریات کیلئے استعمال کر رہی ہیں۔ اس معاملے میں مرکزی حکومت ملک کے عوام کو صاف گمراہ کر رہی ہے۔ حنیف احمد نے مطالبہ کیا کہ تلنگانہ اسمبلی میں ایک قرارداد اس بل کے خلاف منظور کی جائے ۔ انہوں نے تمام ریاستوں میں اس ترمیمی ایکٹ پر جامع بحث کی ضرورت پر زور دیا ۔