وقف ترمیمی بل پر تلنگانہ میں عمل آوری پر حکومت کے اہم فیصلہ کا امکان

   

کرناٹک کی طرح تلنگانہ میں بھی عمل نہیں ہوگا، کوداڑ میں دعوت افطار، مسلم نمائندوں کو اتم کمار ریڈی کا تیقن
حیدرآباد 24 مارچ (سیاست نیوز) وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی نے کہاکہ مرکز کی جانب سے وقف ترمیمی بل 2024 ء کی پارلیمنٹ میں منظوری کی صورت میں کرناٹک کی طرح تلنگانہ حکومت ریاست میں مذکورہ قانون پر عمل نہ کرنے کا فیصلہ کرسکتی ہے۔ نلگنڈہ کے کوداڑ اسمبلی حلقہ میں مسجد کوثر میں منعقدہ دعوت افطار میں شرکت کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے واضح کیاکہ کرناٹک حکومت نے وقف ترمیمی بل 2024 ء پر ریاست میں عمل نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ اگر پارلیمنٹ میں اکثریت کی بنیاد پر بل کو منظوری دی جاتی ہے تو تلنگانہ حکومت بھی کرناٹک کی طرح فیصلہ کرے گی۔ اتم کمار ریڈی نے کہاکہ وہ اِس سلسلہ میں چیف منسٹر ریونت ریڈی سے نمائندگی کریں گے اور وقف ترمیمی بل کے بارے میں مسلمانوں کے جذبات سے واقف کرائیں گے۔ اُنھوں نے کہاکہ کانگریس پارٹی وقف ترمیمی بل کی شدت سے مخالفت کررہی ہے اور مشترکہ پارلیمانی کمیٹی میں کانگریس کے ارکان نے بل کی مخالفت کی۔ بی جے پی لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں اکثریت کی بنیاد پر بل کو منظور کرنے کی منصوبہ بندی کررہی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ سیکولرازم کے دعویدار چندرابابو نائیڈو اور نتیش کمار کا امتحان ہے کہ وہ اِس مسئلہ پر کیا موقف اختیار کریں گے۔ دونوں پارٹیوں پر سارے ملک کی نظر ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ تلگودیشم اور جنتادل (یونائیٹیڈ) وقف ترمیمی بل کے مسئلہ پر بی جے پی کا ساتھ دیں گے یا مسلمانوں کے جذبات کا احترام کرتے ہوئے مخالفت کریں گے، یہ اہمیت کا حامل ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کہاکہ گزشتہ 30 برسوں سے وہ مختلف حیثیتوں میں کوداڑ اور حضورآباد اسمبلی حلقہ جات کے مسلمانوں کے مسائل کے حل کے لئے مساعی کررہے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ وہ مسلم خاندانوں کے کافی قریب ہیں اور اُنھیں ایک فرد خاندان کی حیثیت سے دیکھا جاتا ہے۔ کانگریس پارٹی اور حکومت کی جانب سے میں وعدہ کرتا ہوں کہ ریاست میں مسلمانوں کے مسائل کے حل کے لئے ہرممکن مساعی کروں گا۔ اُنھوں نے کہاکہ متحدہ نلگنڈہ ضلع میں محبت اور خیرسگالی کے علاوہ مذہبی رواداری کافی مستحکم ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ کوداڑ کے مسلمانوں کے لئے وہ ’’اتم بھائی‘‘ کی حیثیت سے اُن کے دلوں میں جگہ بناچکے ہیں۔ میں عہدہ پر رہوں یا نہ رہوں عملی سیاست میں رہوں یا علیحدگی اختیار کرلوں، کوداڑ کی اقلیتوں سے وعدہ کرتا ہوں کہ آپ کے جو بھی مسائل ہیں اُن کی یکسوئی کے لئے کام کروں گا۔ اُنھوں نے کوداڑ میں اپنے قریبی دوست محمد جبار کی جانب سے دعوت افطار کے اہتمام پر مبارکباد پیش کی۔ اُنھوں نے کہاکہ ملک میں مذہب کے نام پر بعض طاقتیں سماج کو تقسیم کرنے کی کوشش کررہی ہیں جس کی مذمت کی جانی چاہئے۔ اُنھوں نے کہاکہ راہول گاندھی سے لے کر کانگریس کے ایک عام کارکن تک کا یہی جذبہ ہے کہ ملک میں تمام طبقات کو امن و سلامتی اور بھائی چارہ کے ساتھ زندگی بسر کرنی چاہئے۔ اتم کمار ریڈی نے کہاکہ تلنگانہ حکومت نے اقلیتوں سے جو وعدے کئے ہیں اُن پر بہرصورت عمل کیا جائے گا۔ 1