وقف ترمیمی بل پر پارلیمانی کمیٹی کو تجاویز روانہ کرنے یونائٹیڈ مسلم فورم کی اپیل

   

حیدرآباد۔/4 ستمبر، ( سیاست نیوز) یونائٹیڈ مسلم فورم نے مسلم جماعتوں، تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ مرکزی حکومت کے مجوزہ وقف ترمیمی بل کے خلاف مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کو اپنے اعتراضات روانہ کریں۔ وقف ترمیمی بل 2024 پارلیمنٹ کی مشترکہ کمیٹی کے زیر غور ہے۔ کمیٹی نے بل پر رضاکارانہ تنظیموں، اداروں، ماہرین اور تمام فریقین سے تجاویز طلب کی ہیں جن میں متولیان اور وقف کمیٹیوں کے منتظمین شامل ہیں۔ یونائٹیڈ مسلم فورم اپیل کرتی ہے کہ مسلم تنظیموں، ماہرین، متولیان اور کمیٹیوں کی جانب سے مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کو مجوزہ بل کے خلاف اپنی تجاویز یادداشت کی شکل میں روانہ کریں۔ فورم کے صدر مفتی صادق محی الدین فہیم اور ذمہ داران مولانا خالد سیف اللہ رحمانی، مولانا سید شاہ علی اکبر نظام الدین حسینی صابری، مولانا سید شاہ حسن ابراہیم حسینی قادری سجاد پاشاہ، مولانا شاہ محمد جمال الرحمن مفتاحی، مولانا محمد حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ، مولانا میر قطب الدین علی چشتی، جناب ضیاء الدین نیر، جناب منیر الدین احمد مختار جنرل سکریٹری اور دوسروں نے مشترکہ اپیل جاری کرتے ہوئے ائمہ مساجد اور خطیب صاحبان سے اپیل کی کہ وہ جمعہ کے خطبات میں متنازعہ قانون کے نقصانات سے مسلمانوں کو واقف کرائیں۔ اوقافی جائیدادوں کی تباہی کیلئے حکومت کی سازش سے واقف کرایا جائے۔ وقف ترمیمی قانون کے سلسلہ میں مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کو انگریزی یا ہندی زبان میں دو کاپیاں جائنٹ سکریٹری جے ایم، لوک سبھا سکریٹریٹ روم نمبر 440، پارلیمنٹ ہاوز انیگژر، نئی دہلی110001 کے پتہ پر روانہ کی جاسکتی ہیں۔ فیاکس بھیجنے کے لئے نمبر 011-23017709 دیا گیا ہے۔ یا پھر [email protected] پر نمائندگی روانہ کی جاسکتی ہے۔1