وقف ترمیمی بل کو کوئی طاقت نہیں روک سکتی : بنڈی سنجے

   

غریب عوام کی جائیدادوں کو وقف پراپرٹی قرار دیتے ہوئے پریشان کیا جارہا ہے
حیدرآباد۔ 29 مارچ (سیاست نیوز) مرکزی مملکتی وزیر داخلہ بنڈی سنجے نے کہا کہ وقف ترمیمی بل کی منظوری کو کوئی طاقت روک نہیں سکتی اور نہ مرکزی حکومت کسی کے دباؤ میں آئیگی ۔ ضرور اس بل کو منظور کرایا جائے گا۔ کریم نگر کورٹ کامپلیکس میں وکلاء کو ڈیجیٹل لائبریری کیلئے 15 لاکھ روپئے عطیہ کے بعد خطاب میں کہا کہ وقف ترمیمی بل پر مجلس کے اسدالدین اویسی من مانی باتیں کررہے ہیں۔ ملک بھر سے وقف ترمیمی بل کو تائید مل رہی ہے۔ اویسی جیسے لوگ اس بل کو روک نہیں سکتے۔ بنڈی سنجے نے مجلس کو غدار پارٹی قرار دیا۔ مذہب کے نام پر بل کی راہ میں رکاوٹ کو قبول نہیں کیا جائے گا۔ ملک میں عوام کیلئے مودی سخت فیصلے کررہے ہیں۔ وقف بورڈ کے ذریعہ غریب عوام کو ملک میں پریشان کیا گیا۔ کریم نگر میں ایک غریب شخص خاندان در خاندان نسل سے ایک گھر بناکر رہ رہا ہے، لیکن وقف بورڈ سے اس مکان کو وقف جائیداد قرار دیا جارہا ہے۔ ملک میں ایسے کئی واقعات ہیں جہاں پر عوام کو اپنی ذاتی جائیدادوں پر مکان بنانے کی اجازت اس لئے نہیں دی جارہی ہے کیونکہ وقف بورڈ سے ان کو وقف پراپرٹی قرار دیا جارہا ہے۔ غریب عوام کی جائیدادوں کو بچانا مرکزی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ اس ترمیمی بل کے ذریعہ غریب عوام کو بہت فائدہ حاصل ہوگا۔ کئی لوگ، کئی جماعتیں بل کی مخالفت کررہی ہیں لیکن مودی حکومت بل کو منظور کراکر ہی دَم لے گی۔ 2