دہلی کے کامیاب مظاہرہ کے بعد پرسنل لاء بورڈ کے ترجمان ڈاکٹر قاسم رسول الیاس کا تمام تنظیموں سے اظہار تشکر
نئی دہلی: دہلی کے کامیاب مظاہرے کے بعد آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے وقف ترمیمی بل کے خلاف کل ہند تحریک چلانے کا اعلان کیا ہے ۔ یہ اطلاع آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے ترجمان اور مجلس عمل کے کنوینر ڈاکٹر سید قاسم رسول الیاس نے تمام مسلم تنظیموں، سول سوسائٹی موومینٹ، دلت، آدیباسی، او بی سی اور اقلیتی رہنماؤں کا بورڈ کی جانب سے شکریہ ادا کرتے ہوئے دی۔انہوں نے کہا کہ اللہ کی تائید و نصرت اور ان کے تعاون کے بغیردہلی کاعظیم الشان مظاہرہ ممکن نہیں تھا۔ ہم ان تمام اپوزیشن پارٹیوں اور ممبران پارلیمنٹ کے بھی مشکور ہیں جنہوں نے نہ صرف اتنی بڑی تعداد میں شرکت کی بلکہ پوری قوت سے وقف ترمیمی بل 2024 کو یکسر مسترد کردیا۔وقف ترمیمی بل 2024 پر آل انڈیا مسلم پرسنل لابورڈ کی جانب سے بنائی گئی 31 ارکان پر مشتمل مجلس عمل نے فیصلہ کیا کہ بورڈ اس متنازعہ، امتیازی اور سخت نقصاندہ بل کے خلاف تمام دستوری، قانونی اور جمہوری راستے اختیار کرکے ایک ملک گیر تحریک چلائے گا۔ جس کے پہلے مرحلے کے طور پر پٹنہ میں ( 26 مارچ) اور وجے واڑہ میں ( 29 مارچ) کو ریاستی اسمبلی کے سامنے بڑے احتجاجی دھرنوں کا اہتمام کیا جارہا ہے ۔ ان دھرنوں میں بورڈ کی مرکزی قیادت، دینی و ملی جماعتوں کی مرکزی و ریاستی قیادت شرکت کرے گی۔ اسی طرح سول سوسائٹی کے رہنماء، دیگر اقلیتی طبقات کی سرکردہ شخصیات اور دلت، آدیباسی نیز او بی سی طبقات کے رہنماء بھی شریک ہوں گے ۔ بورڈ کی جانب سے سیاسی پارٹیوں کے رہنماؤں اور ممبران پارلیمنٹ کو بھی مدعو کیا گیا ہے ۔گو کہ تمام سیاسی پارٹیوں نے اپنے ممبران کو وہپ جاری کرکے پارلیمنٹ کے تمام سیشنس میں ان کی شرکت لازمی قرار دی ہے ، تاہم ہماری کوشش ہوگی کہ کم ازکم جے پی سی کے اپوزیشن ممبران ان دونوں دھرنوں میں شریک ہوں۔ اس کے علاوہ پٹنہ کے دھرنے میں جے ڈی یو، آر جے ڈی، کانگریس اور لوک جن شکتی پارٹی کے ریاستی رہنماؤں بشمول چیف منسٹرکو بھی مدعو کیا گیا ہے ۔ اسی طرح آندھرا پردیش کی حکمراں پارٹی ٹی ڈی پی، وائی ایس آر کانگریس، کانگریس پارٹی اور بائیں محاذ کی پارٹیوں کو بھی مدعو کیا گیا ہے ۔بورڈ کے ترجمان نے کہا کہ ہم ان دونوں دھرنوں سے بی جے پی کی حلیف پارٹیوں کو ایک واضح پیغام دینا چاہتے ہیں کہ یا تو وہ بل کی حمایت سے ہاتھ کھینچ لیں یا پھر مسلمانوں،اقلیتوں ،سول سوسائٹیزاور انصاف پسند شہریوں کی حمایت سے محروم ہوجائیں۔ ڈاکٹر الیاس کے مطابق مسلم پرسنل لا بورڈ نے ملک گیر تحریک کا ایک تفصیلی پروگرام بنایا ہے ۔ جس کے تحت ملک کی ہر ریاست کی راجدھانی میں احتجاجی پروگرام آرگنائز کئے جائیں گے ۔ حیدرآباد، ممبئی، کلکتہ، بنگلور، مالیر کوٹلہ( پنجاب) اور رانچی میں بڑے احتجاجی جلسے منعقد کئے جائیں گے ۔