وقف ترمیمی بل کی مخالفت کرنے بی جے ڈی کا فیصلہ

   

QRکوڈ کے ذریعہ اعتراض درج کروانے مسلم پرسنل لابورڈ کی اپیل
نئی دہلی : اوڈیشہ کے سابق چیف منسٹر نوین پٹنائک نے متنازعہ وقف ترمیمی بل کی مخالفت کرنے کے لیے بی جے ڈی اقلیتی سیل کی قرارداد کی حمایت کی۔بی جے ڈی رکن پارلیمنٹ کا کہنا ہے کہ بی جے ڈی نے زیادہ تر معاملات پر حکمراں این ڈی اے کی حمایت کی تھی جب تک کہ اس کے اعتماد کو دھوکہ نہیں دیا گیا تھا۔بیجو جنتا دل نے وقف (ترمیمی) بل 2024 کی مخالفت کرنے کا فیصلہ کیا ہے جسے فی الحال ایک مشترکہ پارلیمانی کمیٹی دیکھ رہی ہے۔بی جے ڈی کے اقلیتی سیل سے خطاب کرتے ہوئے اڈیشہ کے سابق وزیر اعلی نوین پٹنائک نے کہا کہ اقلیتی برادریوں کے اراکین ان سے ملاقات کر رہے ہیں اور اس قانون سازی کے سلسلے میں اپنے عدم تحفظ کے بارے میں تشویش کا اظہار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی وقف بل کی مخالفت کرے گی۔دوسری طرف آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ ملک بھر کی مساجد میں نماز جمعہ کیلئے آنے والے لوگوں سے کہے گا کہ وہ اکیو آر کوڈ کو اسکین کریں اور جے پی سی میں اس بل کے خلاف اپنا اعتراض درج کریں۔ جے پی سی نے بل پر عوامی رائے طلب کی تھی، جس کے بعد بورڈ اس بل کے خلاف اپنا احتجاج درج کرانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑ رہا ہے۔وقف ترمیمی بل پر جے پی سی کی آج تیسری میٹنگ ہوئی جس میں مختلف محکموں کے عہدیداروں کو طلب کیا گیا ۔