وقف ترمیمی بل کے خلاف احتجاج کیلئے مشاورت

   

جوائنٹ ایکشن کمیٹی گلبرگہ کے ذمہ داروں کی حضرت سید علی حسینی سے ملاقات
گلبرگہ۔ 14 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جوائنٹ ایکشن کمیٹی گلبرگہ کے نمائندہ وفد نے حضرت حافظ سید محمد علی الحسینی صاحب سجادہ نشین بارگاہ حضرت خواجہ بندہ نواز و معزز رکن آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ سے درگاہ شریف کے دفتر میں ملاقات کرتے ہوئے وقف ترمیمی بل کی منظوری کیخلاف گلبرگہ میں احتجاج منظم کرنے کے سلسلہ میں تبادلہ خیال کیا .,حضرت علی الحسینی صاحب نے جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے نئی دہلی کے جنتر منتر پر وقف ترمیمی بل کی منظوری کیخلاف احتجاجی دھرنا منظم کرنے کا اعلان کیا ہے. نئی دہلی کے علاوہ ملک کے کسی بھی مقام یا ریاست میں وقف ترمیمی بل کی منظوری کیخلاف احتجاج منظم کرنے کی آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی جانب سے کوئی ہدایت موصول نہیں ہوئی البتہ آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے ممبران بنگلور میں وقف ترمیمی بل کیخلاف احتجاج منظم کرنے پر غور کررہے ہیں. اس مرحلہ پر جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے وفد نے حضرت علی الحسینی صاحب کو بتایا کہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی گلبرگہ جس میں تمام ملی تنظیمیں شامل ہیں ان کی جانب سے گلبرگہ ضلع کی سطح پر اور گلبرگہ شہر میں احتجاج منظم کرتے ہوئے وقف ترمیمی بل کی منظوری کیخلاف مسلمانوں کی ناراضگی کا اظہار کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ وفد نے حضرت علی الحسینی صاحب سے اس احتجاج کی سرپرستی کرنے کی درخواست کی ۔عبدالجبار گولہ ایڈوکیٹ مولانا محمد نوح نائب صدور جوائنٹ ایکشن کمیٹی سینئر صحافی عزیز اللّٰہ سرمست سید نثار احمد وزیر موظف تحصیلدار گلبرگہ افضال محمود جنرل سیکریٹری جوائنٹ ایکشن کمیٹی قاضی رضوان الرحمن صدیقی ڈاکٹر محمد عبد الباری موظف پروفیسر حیدر علی باغبان مقبول احمد سگری مبین احمد زخم توصیف دیسائی اور صدام مدراسی وفد میں شامل تھے۔