وقف ترمیمی بل کے خلاف مسلمانوں کی پارلیمانی کمیٹی سے بھرپور نمائندگی

,

   

جمعہ کے موقع پرخصوصی کاؤنٹرس، مسلم پرسنل لا بورڈ و روزنامہ سیاست کی مہم کا نمایاں اثر
حیدرآباد 13 ستمبر (سیاست نیوز) مرکز کے مجوزہ وقف ترمیمی بل کے خلاف حیدرآباد اور دیگر اضلاع میں مسلمانوں کی جانب سے آج زبردست مہم چلائی گئی جس کے تحت نماز جمعہ کے موقع پر مساجد کے قریب کیو آر کوڈ اسکیاننگ کا انتظام کیا گیا تھا۔ مشترکہ پارلیمانی ورکنگ کمیٹی نے عوام سے وقف ترمیمی بل پر رائے طلب کی ہے۔ ای میل اور دیگر ذرائع سے اپنی رائے بھیجنے کا آج آخری دن تھا۔ آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے صدر مولانا خالد سیف اللہ رحمانی اور رکن قانون ساز کونسل جناب عامر علی خاں کی اپیل پر ریاست میں مسلمانوں نے آج بڑے پیمانہ پر رائے بھیجنے کا انتظام کیا ۔ جمعہ کے موقع پر مساجد کے باہر کیو آر کوڈ اسکیاننگ کا انتظام کیا گیا تھا جہاں طلبہ اور نوجوانوں کو قطار کی شکل میں وقف ترمیمی بل کے خلاف اپنی رائے بھیجتے دیکھا گیا۔ حیدرآباد میں تقریباً تمام مساجدکے پاس پارلیمانی کمیٹی کو رائے بھیجنے کی سہولت تھی۔ وقف ترمیمی بل کو مسترد کرکے مسلم نوجوانوں نے ملی جذبہ کا مظاہرہ کیا اور اپنے موبائیل فونس کے ذریعہ ای میل اور میسجس کی شکل میں بل کی مخالفت سے پارلیمانی کمیٹی کو واقف کرایا ہے۔ جناب عامر علی خاں اور روزنامہ سیاست کی مہم سے نہ صرف حیدرآباد بلکہ اضلاع میں مسلم تنظیموں نے خصوصی کیمپس منعقد کرکے بل کی مخالفت میں رائے پیش کی۔ ابتداء میں مسلمانوں میں بل کے متعلق شعور کی کمی تھی لیکن مسلم تنظیموں ، جماعتوں کی مہم کا نوجوانوں میں کافی جوش و خروش دیکھا گیا۔ مساجد کے باہر ضعیف العمر افراد بھی کیو آر کوڈ اسکیاننگ کے ذریعہ بل کی مخالفت میں رائے پیش کر رہے تھے۔ ایک اندازہ کے مطابق ملک بھر میں بل کی مخالفت میں آخری دن کی خصوصی مہم کے نتیجہ میں مسلمانوں کی پیش کردہ رائے کی تعداد تین کروڑ سے تجاوز کرجائے گی۔ مسلمانوں کو بل کی مخالفت کیلئے راغب کرنے امیر امارت ملت اسلامیہ مولانا حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ اپنے ساتھیوں کے ساتھ کیو آر کوڈ کی کاپی لے کر قیامگاہ سے جامع مسجد دارالشفاء تک پیدل روانہ ہوئے اور نماز جمعہ کے بعد پیدل ہی قیامگاہ واپس ہوئے ۔ راستہ میں مسلمانوں نے مولانا حسام الدین ثانی سے ملاقات کی اور بل کی مخالفت میں مہم کا خیرمقدم کیا ۔ 1
مولانا خالد سیف اللہ رحمانی صدر مسلم پرسنل لاء بورڈ کا ملت اسلامیہ کے نام ہدیہ تشکر و خصوصی اپیل
نئی دہلی /13 ستمبر ( راست ) مولانا خالد سیف اللہ رحمانی صدر آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ نے تمام مسلمانوں کا شکریہ ادا کیا ہے کہ انہوں نے بورڈ کی آواز پر لبیک کہا اور وقف ترمیمی بل کے خلاف جے پی سی کو بڑی مقدار میں ای میل روانہ کئے ۔ اللہ کرے کہ حکومت جمہوری تقاضوں کو سامنے رکھ کر ایسا قانون بنانے سے گریز کرے جو اقلیت دشمنی پر مبنی ہو۔ آپ نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ اس بل کی واپسی کیلئے دعاء کا اہتمام کریں۔ کیونکہ کوئی بھی واقعہ خواہ وہ خوش کن ہو یا تکلیف دہ ، اللہ کی مرضی کے بغیر پیش نہیں آسکتا ۔ آپ نے کہا کہ بورڈ اس بل کو روکنے قانون و آئین کے دائرہ میں کوشش کر رہا ہے اور وہ حالات کو سامنے رکھ کر احتجاج کی مختلف پرامن صورتوں پر فیصلہ کرے گا ۔