جوگی پیٹ میں جمعہ کے موقع پر زبردست احتجاجی مظاہرہ، متحدہ جدوجہد جاری رکھنے کا فیصلہ
جوگی پیٹ۔/19 اپریل، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جوگی پیٹ میں وقف ترمیمی سیاہ قانون کے خلاف کل بعد نماز جمعہ مدینہ مسجد سے سینکڑوں کی تعداد میں مسلمانوں نے ریالی نکالی۔ اس ریالی کا مقصد مرکزی حکومت کی جانب سے پیش کردہ بل کے خلاف احتجاج کرنا تھا۔ اس قانون سے اقلیتوں کے حقوق اور وقف جائیدادوں کے تحفظ کو خطرہ قرار دیا جارہا ہے۔ احتجاج کے دوران مظاہرین اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈ ، سیاہ پٹی بیانرس اٹھائے رکھے تھے اور نعرے لگارہے تھے کہ وقف بورڈ کا تحفظ کرو، ہمیں ہماری جائیدادیں واپس کرو۔ ان نعروں سے جوگی پیٹ گونج اُٹھا۔ اس موقع پر حافظ محبوب علی اور مسلم ویلفیر کمیٹی کے صدر عرفات محی الدین نے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس قانون سے غریب مسلمانوںکو فائدہ نہیں بلکہ نقصان ہوگا۔ اس قانون سے ہماری مساجد، مدارس، قبرستان، عاشور خانے اور دیگر کو نقصان ہوگا جو ہمارے آباء و اجداد نے وقف کئے جو اللہ کی امانت ہیں۔ وقف قانون کی برخواستگی تک ہم متحدہوکر احتجاج جاری رکھیں گے۔