وقف ترمیمی قانون مسلمانوں کیلئے بہت ہی نقصاندہ

   

ورنگل جلسہ عام میں محمد جمال شریف ایڈوکیٹ کا خطاب
جنگاؤں ۔ 20 مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) وقف ترمیمی بل کے خلاف ورنگل اسلامیہ کالج گراؤنڈ پر آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی جانب سے وقف بچاؤ، دستور بچاؤ کے نام سے ایک بڑا جلسہ عام منعقد کیا گیا جس میں جنگاؤں سے سینکڑوں لوگوں نے کل شرکت کی۔ مولانا عبدالرحمن، مولانا شاکر حسین، محمد جمال شریف ایڈوکیٹ کی زیر نگرانی جنگاؤں کا ایک بڑا وفد ورنگل جلسہ عام میں شرکت کیا۔ اس موقع پر محمد جمال شریف ایڈوکیٹ و صدر مسلم ڈیولپمنٹ کمیٹی جنگاؤں ضلع نے کہا کہ وقف ترمیمی بل کو مرکزی حکومت نے لایا ہے جس سے مسلمانوں کو کافی نقصانات ہیں۔ ہمارے مساجد اور دینی مدارس، قبرستان، درگاہیں وغیرہ اس قانون کی لپیٹ میں آئیں تو کل بہت مشکل ہونے والی ہے۔ اس لئے ہر جگہ پر مسلمان اس بل کی مخالفت کررہے ہیں۔ ہندوستان کے دستور کو بچانا ہر شہری کی ذمہ داری ہے۔ مرکزی حکومت نے وقف ترمیمی بل لاتے ہوئے مسلمانوں کی وقف جائیدادوں پر اپنی نظر ڈالی ہے۔ اس قانون کے اندر کئی ایک چیزیں شامل کئے ہیں جس سے مسلمانوں کو نقصان ہوگا۔ ہندوستان کا ہر مسلمان اس بل کے مخالف ہیں۔ احتجاج کرنا ضروری ہے۔ ورنگل اسلامیہ کالج گراؤنڈ پر وقف ترمیمی بل کے خلاف جلسہ منعقد کیا جارہا ہے۔ جنگاؤں سے مسلمانوں کی کثیر تعداد اس میں شرکت کی ہے۔ ورنگل متحدہ ضلع سے ہزاروں کی تعداد میں مسلمانوں نے اس جلسہ میں شرکت کرتے ہوئے کامیاب بنائے ہیں۔