مغربی بنگال کی تقلید کی جائے، کانگریس لیڈر وی ہنمنت راؤ کا مشورہ
حیدرآباد 14 اپریل (سیاست نیوز) کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے تجویز پیش کی کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی کو تلنگانہ میں وقف ترمیمی قانون 2025 پر عمل آوری کے خلاف فیصلہ کرنا چاہئے۔ وقف ترمیمی قانون کے خلاف احتجاج میں حصہ لیتے ہوئے وی ہنمنت راؤ نے امبیڈکر مجسمہ کے پاس دھرنا منظم کیا۔ اُنھوں نے کہاکہ جس طرح چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے وقف ترمیمی قانون پر مغربی بنگال میں عمل نہ کرنے کا اعلان کیا ہے اُسی طرح چیف منسٹر ریونت ریڈی کو بھی تلنگانہ میں مرکزی قانون پر عمل نہ کرنے کا اعلان کرنا چاہئے۔ اُنھوں نے کہاکہ وقف قانون کے خلاف ملک بھر کے مسلمانوں میں بے چینی پائی جاتی ہے۔ نریندر مودی حکومت مسلمانوں کے علاوہ دیگر مذہبی اقلیتوں کو نشانہ بنانے کی تیاری کررہی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ اوقافی جائیدادوں کے اُمور میں حکومت کی مداخلت افسوسناک ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ مودی حکومت کا ایجنڈہ نفرت پر مبنی ہے اور گزشتہ 10 برسوں کے دوران نریندر مودی نے مسلمانوں کو نشانہ بناتے ہوئے کئی فیصلے کئے۔ راہول گاندھی اور سونیا گاندھی نے لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں بل کی مخالفت میں ووٹ دیا۔ اُنھوں نے کہاکہ کانگریس پارٹی وقف ترمیمی قانون کی سختی سے مخالفت کرتی ہے اور کانگریس ارکان پارلیمنٹ کی جانب سے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی جاچکی ہے۔ ہنمنت راؤ نے کہاکہ تلنگانہ میں مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو پیش نظر رکھتے ہوئے حکومت کو قانون پر تلنگانہ میں عمل نہ کرنے کا فیصلہ کرنا چاہئے۔1