وقف ترمیمی قانون پر سپریم کورٹ کاردعمل دعاؤں کا نتیجہ

   

جنگاؤں ایک مینار مسجد میں کُل جماعتی اجلاس، مختلف قائدین کے تاثرات کا اظہار
جنگاؤں۔/19 اپریل، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ایکمینار مکہ مسجد جنگاؤں پر کل بعد نماز جمعہ کُل جماعتی اجلاس محمد فضل الرحمن پاشاہ کی صدارت میں منعقد ہوا۔ جماعت اسلامی کے ذمہ داران ڈاکٹر رحیم رامش، عابد فیصل، اہلحدیث کے ذمہ دار محمد غیاث الدین ، تبلیغی جماعت کے ذمہ دار محمد علیم، اہلسنت و الجماعت کے ذمہ دار محمد غالب محی الدین نے شرکت کی۔ اس موقع پر محمد جمال شریف ایڈوکیٹ و صدر مسلم ڈیولپمنٹ کمیٹی جنگاؤں ضلع نے کہا کہ سیاہ وقف قانون مسلمانوں کیلئے کافی نقصاندہ ہے ہر مسلمان کسی نہ کسی طریقہ سے اس قانون کے خلاف احتجاج کررہا ہے۔ جناب عامر علی خاں ایم ایل سی نے عادل آباد سے حیدرآباد تک احتجاج کیا اس کے بعد حیدرآباد میں صلوۃ الحاجات کا اہتمام کیا، ہر مسلمان کی دعاء کی وجہ سے آج سپریم کورٹ نے اس قانون پر روک لگادی جوبہت بڑا اللہ کا کرم ہے۔ یہ قانون واپس لینے تک مسلمان احتجاج کریں گے۔ خاص طور پر نمازوں اور دعاؤں کا اہتمام کریں۔ ڈاکٹر رحیم رامش اور عابد فیصل نے کہا کہ ہندوستان بھر میں جماعت اسلامی اس قانون کے خلاف آواز اٹھارہی ہے اور قانونی کارروائی بھی کررہی ہے۔ محمد غیاث الدین نے بھی خطاب کیا۔ اس اجلاس میں محمد علیم الدین، سلیم الدین ناہد، محمد اقبال، عارف، محمد مصطفی، علیم، اقبال، افضل، باسط ، عبداللہ، ابو، عظیم ، فیصل، کریم، احمد، بابا اور دیگر موجود تھے۔ محمد جمال شریف ایڈوکیٹ نے آخر میں اس قانون کے خلاف دعا کی۔