غیرمسلم خواتین کی بھی شرکت ‘ شدید گرمی بھی نظرانداز‘ شاہین باغ کے طرز پر احتجاج کا عزم
عادل آباد۔24؍ اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مسلمانوںکی فاضل اراضی ‘ عبادت گاہوں‘دینی مدارس ‘بزرگان دین کے آستانوںا ور قبرستانوںپرمرکزی حکومت کے ناکام منصوبوں کیخلاف صدائے احتجاج بلند کرتے ہوئے مستقرعادل آباد کے اروگھر‘شادی خانہ میںمسلم پرسنل لاء بورڈ کے زیراہتمام ’’ تحفظ اوقاف و احتجاج ‘‘ کے عنوان پرجماعت اسلامی سے تعلق رکھنے والی خواتین کا بڑے پیمانے پراحتجاج منعقد کیاگیا ۔ جس میںمہمان خصوصی محترمہ سلطانہ یاسمین کنوینرشعبہ خواتین آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ اورمحترمہ ناصرہ خانم رکن مجلس نمائندگان جماعت اسلامی ہند نے شرکت کرتے ہوئے خواتین سے مخاطب ہوئے ۔ ناصرہ خانم صاحبہ کی صدارت میںمنعقدہ اس اجتماع میں وقف ترمیمی بل کو واپس لینے تک خواتین کی جانب سے مختلف طرز کے احتجاج منظم کرنے سے اتفاق کیاگیا۔ مسلم کے علاوہ غیرمسلم خواتین بھی اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈ تھامے ہوئے احتجاج میںحصہ لیا۔ مسلم پرسنل لاء بورڈ کی ہدایت پر احتجاج کوجاری رکھنے والی خواتین نے کہا کہ ہم کواگرچہ ہدایت ملتی ہے تو ہم عادل آباد میںبھی شاہین باغ کی طرزپرہڑتال کاعزم رکھتے ہیں۔ عادل آبادمیں45ڈگری چلچلاتی دھوپ اور شدیدگرمی کونظراندازکرتے ہوئے مسلمانوںکی مذہبی آزادی کو برقراررکھنے کی خاطرسینکڑوں خواتین نے عادل آباد کے اردو گھرشادی خانہ پتلی باولی پہنچ کرصدائے احتجاج بلند کیا جس کے پیش نظراردو گھرشادی خانہ اپنی تنگ دامنی کاشکوہ کررہاتھا۔ عادل آبادکی تاریخ میں وقف ترمیمی بل کے خلاف خواتین کا منعقدہ اجتماع تاریخی اہمیت کا حامل تصور کیاجائے تو بیجا نہ ہوگا۔مسٹرسیدیعقوب اورمسٹرتنویرنے انتظامات کو قطعیت دی ۔