وقف ترمیمی قانون کے خلاف تلنگانہ ہائیکورٹ میں مفاد عامہ کی درخواست

   

سپریم کورٹ کے فیصلہ کے بعد سماعت کرنے چیف جسٹس کا اتفاق
حیدرآباد 25 اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ میں وقف ترمیمی قانون پر عمل آوری روکنے کے لئے تلنگانہ ہائیکورٹ میں مفاد عامہ کی درخواست دائر کی گئی۔ کارگذار چیف جسٹس سجے پال کی زیرقیادت بنچ نے مفاد عامہ کی درخواست کی سماعت کی۔ ایکٹ پبلک ویلفیر فاؤنڈیشن کی جانب سے یہ درخواست دائر کی گئی۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ مرکز کی جانب سے وضع کردہ قانون میں کئی دفعات دستوری مراعات کے سراسر خلاف ہیں۔ مفاد عامہ کی درخواست میں قانون کی کئی دفعات کو چیلنج کیا گیا ہے۔ چیف جسٹس نے کہاکہ وقف ترمیمی قانون کا معاملہ سپریم کورٹ میں زیردوران ہے اور سپریم کورٹ کی جانب سے قطعی فیصلہ کے بعد ہی ہائیکورٹ اِس معاملہ کا جائزہ لے گا۔ چیف جسٹس نے گرمائی تعطیلات کے بعد آئندہ سماعت مقرر کی ہے۔ ملک کی دیگر ریاستوں کی طرح تلنگانہ میں بھی وقف ترمیمی قانون کے خلاف مسلم تنظیموں اور سیول سوسائٹی کا احتجاج جاری ہے۔ سپریم کورٹ میں وقف ترمیمی قانون کے خلاف کئی درخواستیں دائر کی گئیں جن پر ابتدائی سماعت ہوئی اور 5 مئی کو دوبارہ سماعت مقرر ہے۔ سپریم کورٹ نے وقف ترمیمی قانون کی بعض دفعات پر حکم التواء جاری کرتے ہوئے عمل آوری پر روک لگادی ہے۔ اِسی دوران مرکزی حکومت نے سپریم کورٹ میں جوابی حلفنامہ داخل کرتے ہوئے وقف ترمیمی قانون کی تائید کی ہے۔1