وقف ترمیمی قانون کے خلاف کل احتجاج

   

محبوب نگر۔/12 اپریل، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) وقف ترمیمی بل کے خلاف بطور احتجاج جوائنٹ ایکشن کمیٹی محبو ب نگر کی جانب سے کئی ایک احتجاجی پروگرام منعقد کئے جارہے ہیں۔ اس ضمن میں 14 اپریل پیر کو 11 بجے صبح ایک احتجاجی ریالی منظم کی جارہی ہے۔ یہ ریالی مکہ مسجد سے نکل کر شہر کی مختلف شاہراہوں سے ہوتے ہوئے تلنگانہ چوراستہ پہنچے گی۔ عامۃ المسلمین بالخصوص علماء کرام ، دینی مدارس، مساجد کمیٹی کے ذمہ داران ، تاجر برادری ، طلباء و نوجوانوں سے بڑی تعداد میں ریالی میں شرکت کرتے ہوئے اس اہم احتجاجی ریالی کو کامیاب بنانے کی جے اے سی ذمہ داروں نے خواہش کی ہے۔
٭٭جناب محمد عبدالعزیز امیر مقامی جماعت اسلامی ہند شہر محبوب نگر کی اطلاع کے بموجب 13 اپریل کو صبح 11-30 بجے تا نماز ظہر جماعت اسلامی ہند شہر محبوب نگر کا اجتماع بمقام اسلامک سنٹر مسجد عبادالرحمن نزد منی ٹینک بنڈ منعقد ہوگا۔ درس قرآن مجید فہیم اللہ بیگ، تقریر عبدالرؤف ایڈوکیٹ بعنوان ’ وقف ترمیمی کا موجودہ قانون اور ہماری ذمہ داریاں ‘ معاون ناظم صلع شیخ سراج الدین نگرانی کریں گے۔ عامۃ المسلمین سے گذارش ہے کہ وہ بپابندی وقت شریک ہوں اور متنازعہ بل کے تعلق سے ضروری معلومات سے واقف ہوں۔
٭٭ جدید عیدگاہ وقف رحمانیہ ( وانا گٹو ) محبوب نگر کی بڑے پیمانے پر ترقی میں کوئی کسر باقی نہیں رکھی جائے گی۔ یہ وضاحت مقامی ایم ایل اے محبوب نگر ینم سرینواس ریڈی نے کی۔ انہوں نے جمعہ کے دن متعلقہ ذمہ داران کے ساتھ عیدگاہ کا معائنہ کیا ۔ عیدگاہ کے اطراف (حصار ) کمپاونڈ وال کی تعمیر کیلئے وہ جائزہ لے رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ عیدالفطر اور عیدالاضحی کے مواقع پر شہر کے ہزاروں مسلمان یہاں نماز کیلئے آتے ہیں۔ حالیہ عرصہ میں مصلیوں کی تعداد میں قابل لحاظ اضافہ ہوا ہے ۔ عید گاہ کے اطراف حفاظتی دیوار نہ ہونے سے ناجائز قبضوں کے اندیشے ہیں لہذا دیوار کی تعمیر ناگزیر ہوگئی ہے۔ زمین کو بھی مسطح کیا جائے گا اور یہ کام بہت جلد شروع کیا جائے گا۔ اس موقع پر ایم ایل اے کے ہمراہ سینئر قائد سراج قادری، سید سعادت علی سعد اللہ ہاسپٹل ڈیولپمنٹ کمیٹی ممبر و دیگر موجود تھے۔