وقف ترمیمی قانون کے خلاف 30 اپریل کو برقی گل احتجاج

   

مسلمانوں سے یونائٹیڈ مسلم فورم کی اپیل
حیدرآباد : 23 اپریل (سیاست نیوز) آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی اپیل پر 30 اپریل کو برقی گل احتجاج کو کامیاب بنانے کی یونائٹیڈ مسلم فورم نے مسلمانوں سے اپیل کی ہے۔ وقف ترمیمی قانون 2025ء کے خلاف آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے احتجاجی لائحہ عمل طے کیا ہے۔ فورم کے ذمہ داران مولانا مفتی سید صادق محی الدین فہیم (صدر)، مولانا خالد سیف اللہ رحمانی، مولانا سید شاہ علی اکبر نظام الدین حسینی صابری، مولانا سید شاہ حسن ابراہیم حسینی قادری، مولانا شاہ محمد جمال الرحمن، مولانا محمد حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ، جناب ضیاء الدین نیر، جناب منیر الدین احمد مختار، مولانا ظہیر الدین علی صوفی اور دوسروں نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ 30 اپریل کی شب 9 بجے 10 منٹ کے لیے بطور احتجاج بتی گل کرتے ہوئے اپنی ناراضگی درج کرائیں۔ انہوں نے کہا کہ 10 منٹ کے لیے مکانات اور تجارتی اداروں کی برقی بند کرتے ہوئے مسلمان اپنا احتجاج درج کرائیں۔ آئیمہ مساجد اور خطیب صاحبان کے علاوہ مساجد کی انتظامی کمیٹیوں اور متولیوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ مسلمانوں میں شعور بیداری مہم چلائیں۔ فورم کے ذمہ داروں نے کشمیر کے پہلگام میں دہشت گرد حملہ کی مذمت کی۔ انہوں نے کشمیر میں حالات کو پرامن بنائے رکھنے کی عوام سے اپیل کی۔ 1