وقف جائیدادوں کا 5 ڈسمبر سے قبل اندراج ضروری

   

سنگاریڈی میں اُمید پورٹل میں رجسٹریشن کے طریقہ کار پر مبنی تربیتی پروگرام

سنگا ریڈی ۔4 نومبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) وقف جائیدادوں کے تحفظ اور اُن کے باقاعدہ اندراج کو فروغ دینے کے مقصد سے سنگاریڈی ملی فورم کے زیر نگرانی آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ اور جماعت اسلامی ہند کے تعاون و اشتراک سے ایک اہم تربیتی پروگرام جلال باغ اسلامک سنٹر سنگاریڈی میں منعقد ہوا۔ یہ پروگرام ’’وقف امید پورٹل‘‘ کے ذریعے رجسٹریشن کے طریقۂ کار پر مبنی تھا، جس میں شہر و اطراف و اکناف کے مساجد، عیدگاہ، درگاہ، قبرستان اور عاشور خانہ کمیٹیوں کے صدور و ذمہ داران کے علاوہ وقف انسپکٹر محمد صابر ، ایم اے وحید صدر سنگا ریڈی، محمد مختار حسین جنرل سیکرٹری ملی فورم ، مولانا محمد کریم الدین غوثوی، ذوالفقار علی منیر، محمد علی رشید، مولانا محمد ریاض الدین نے شرکت کی۔ پروگرام کا آغاز حافظ صبور کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جب کہ اختتامی دعا شفیع الرحمٰن صدر ضلع ملی فورم سنگاریڈی نے کی۔ اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وقف جائیدادیں ملت کی امانت ہیں، ان کا تحفظ ہر مسلمان کی شرعی اور سماجی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے ’’ اُمید پورٹل‘‘ پر رجسٹریشن کے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ضلع کے تمام صدور و ذمہ داران کو بھی اُمید پورٹل رجسٹریشن سے واقف کروایا جائے گا۔ شرکاء نے ملی فورم اور منتظمین کی اس کوشش کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنے علاقوں کی وقف جائیدادوں کا جلد از جلد ’’امید پورٹل‘‘ پر اندراج مکمل کریں گے تاکہ ان اثاثوں کا بہتر استعمال ملت کے مفاد میں کیا جا سکے ۔ محمد مختار حسین جنرل سیکریٹری ملی فورم نے تمام صدور و ذمہ داران اور متولیان سے پر زور اپیل کی کہ وہ اوقافی جائیدادوں کا اندراج آئندہ ماہ 5 دسمبر سے قبل ’’امید پورٹل‘‘ رجسٹریشن کروالیں تاکہ اللہ کی امانت اوقافی جائیدادوں کا تحفظ ہو سکے ۔