وقف جائیدادوں کو چھین لینے کی سازش : سید عظمت اللہ حسینی

   

مرکزی حکومت پارلیمنٹ میں بل پیش کرنے سے قبل تمام سیاسی جماعتوں اور وقف بورڈس سے رائے حاصل کرے
حیدرآباد ۔ 6 ۔ اگست : ( سیاست نیوز) : صدر نشین ریاستی وقف بورڈ سید عظمت اللہ حسینی نے مرکزی کابینہ کے 44 وقف ترمیمات کی منظوری پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت ایک منظم سازش کے تحت وقف جائیدادوں کو چھین لینے اور وقف بورڈس کو اختیارات سے محروم کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔ جس کی وہ سخت مخالفت کرتے ہیں ۔ صدر نشین وقف بورڈ نے کہا کہ مسلمانوں سے متعلق اہم فیصلہ کرنے سے قبل مرکزی حکومت اپنی حلیف جماعتوں تلگو دیشم اور جے ڈی ایس کے علاوہ تمام سیاسی جماعتوں ، اپوزیشن جماعتوں اور ریاستی وقف بورڈس کی رائے حاصل کریں ۔ مرکزی کابینہ میں جن 44 وقف ترمیمات کو منظوری دی گئی ہے اس کا مسودہ نئی قانون سازی کے لیے پارلیمنٹ میں پیش کرنے سے قبل این ڈی اے کے حلیف اور اپوزیشن جماعتوں کے علاوہ ریاستی وقف بورڈس کو پیش کریں اور ماہرین قانون اور دستور کی بھی رائے حاصل کریں جس کے بعد قطعی فیصلہ کریں ۔ عجلت پسندی میں کیا جانے والا فیصلہ مخالف مسلم اور مخالف وقف تصور کیا جائے گا ۔ سید عظمت اللہ حسینی نے کہا کہ چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو اور چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے اپنے اپنے پارٹی کے انتخابی منشور میں وقف جائیدادوں کا تحفظ کرنے کا مسلمانوں سے وعدہ کیا ہے ۔ اب دونوں بی جے پی کے حلیف چیف منسٹرس کی ذمہ داری ہے وہ مرکزی حکومت کی اس سازش کو ناکام بنانے کے لیے اپنے سیاسی اثر و رسوخ کا بہتر طور پر استعمال کریں ۔ سید عظمت اللہ حسینی نے کہا کہ ہمارے آبا و اجداد نے اراضیات وقف بورڈ کو وقف کی ہیں ۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سارے ملک میں 8.7 لاکھ وقف جائیدادیں ہیں جو قریب 9.4 لاکھ ایکر اراضی ہے اور یہ ہندوتوا طاقتوں کو کھٹک رہی ہیں اور کسی نہ کسی بہانے اور سازش سے ان جائیدادوں کو مسلمانوں سے چھین لینے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ صدر نشین ریاستی وقف بورڈ نے کہا کہ تلنگانہ میں مساجد ، درگاہوں کے علاوہ دیگر اراضیات وقف ہے ۔ کانگریس پارٹی نے ان وقف جائیدادوں کا تحفظ کرنے کا وعدہ کیا ہے ۔ کانگریس کے قائدین اس سازش سے قائد اپوزیشن لوک سبھا راہول گاندھی اور صدر کانگریس ملکاارجن کھرگے کے علاوہ کانگریس کے دوسرے سینئیر قائدین کو مرکزی حکومت کی سازش سے واقف کرائیں گے اور وقف جائیدادوں کے تحفظ کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے ۔۔ 2