مساجد، درگاہوں، مدرسوں، خانقاہوں کے ذمہ داران سے شرکت کرنے مولانا ڈاکٹر احسن الحمومی کی اپیل
حیدرآباد، 7 ۔ نومبر ۔ (پریس نوٹ) مصلیان ِشاہی مسجد باغ عامہ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت ہند کی جانب سے نئے وقف قانون 2025 کے تحت تمام وقف جائیدادوں کا امید پورٹل (UMEED Portel ) میں اندراج لازمی کردیا ہے، جس کا اجراء 6 جون 2025 کو حکومت ہند کی جانب سے عمل میں آیا تھا اور اندارج کے لیے چھ ماہ کا وقت دیا گیا تھا۔اب رجسٹریشن کو مکمل کرنے کی آخری تاریخ 5 دسمبر 2025 ہے۔ ابھی نئے وقف قانون کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواستیں زیر التوا ہیں، اس ضمن میں عدالت نے عبوری فیصلہ دیا ہے، قطعی فیصلہ کا انتظار ہے۔ حکومت کے منصوبوں کے پیش نظر وقت رہتے ہوئے وقف جائیدادوں کی قانونی حیثیت کو مکمل کرنا ضروری ہے اور امید پورٹل میں اندراج ضروری کردیا گیا ہے۔ اسی ضمن میں شاہی مسجد باغ عام، نامپلی میں بروز ہفتہ 8 نومبر 2025 کو بعد نماز مغرب ایک اہم تربیتی ورکشاپ منعقد ہوگا ۔ جس میں ماہر قانون داں اور وکلاء وقف جائیدادوں کی امید پورٹل میں اندارج سے متعلق تمام تر تفصیلات کو عام فہم انداز میں سمجھائیں گے اور اس پروگرام میں عملی طور پر وقف جائیدادوں کی امید پورٹل میں اندارج کیسے کیا جائے؟اس پر بھی تفصیلی روشنی ڈالی جائے گی۔ مولانا حافظ ڈاکٹر احسن بن محمد الحمومی امام و خطیب شاہی مسجد باغ عام، نامپلی نے بالخصوص تمام ملی تنظیموں اور جماعتوں کے علاوہ مساجد، درگاہوں، مدرسوں، خانقاہوں اور دیگر وقف جائیدادوں کے ذمہ داروں اور نوجوانوں سے اس اہم پروگرام میں شرکت کی مودبانہ گزارش کی ہے۔ مولانا احسن الحمومی نے کہا ہے کہ وقف جائیدادوں کے جن ذمہ داران کے پاس قانونی دستاویزات موجود ہیں ، وہ اپنا اندرا ج کیسے کرائیں اور جن کے پاس کوئی بھی دستاویز نہیںہے،ان کے لیے متبادل راستے کی طرف رہنمائی کی جائے گی اور امید پورٹل میں اندراج سے متعلق تمام تر اہم اور ضروری تفصیلات سے واقف کرایا جائے گا۔ یہ پرواگرام وقف جائیدادوں کے تحفظ کے ضمن میں اہم موقع ثابت ہوگا۔