وقف جائیدادوں کے امید پورٹل پر اندراج کیلئے جمعیت علماء کی مہم

   

لکھنو ۔21 اکتوبر(یواین آئی) جمعیۃ علماء اتر پردیش نے منگل سے ریاست بھر میں وقف جائیدادوں کے امید پورٹل پر اندراج کے لیے با ضابطہ مہم کا آغاز کر دیا ہے ۔جمعیتہ علماء اتر پردیش نے صوبے کے تینوں زونوں (مشرقی وسطی، مغربی) اور تمام ضلعی دفاتر کو یہ ہدایت جاری کی ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں اوقاف اندراج ہیلپ ڈیسک ” قائم کریں، تا کہ ہر رجسٹر ڈ وقف جائیداد کا اندراج 5 دسمبر 2025 ء سے قبل مکمل کیا جا سکے ۔ صوبائی صدر مفتی سید محمد عفان منصور پوری نے کہا کہ وقف جائیداد میں ملت کی امانت ہیں اور ان کا اندراج صرف ایک قانونی تقاضہ نہیں بلکہ ایک ملی و شرعی ذمہ داری بھی ہے ۔ امید پورٹل پر اندراج کے ذریعہ وقف قانونی کے تحفظ اور شفافیت کو یقینی بنایا جاسکتا ہے ۔جمعیت کے تمام کارکنان، علما، ائمہ اورمتولیان سے اپیل ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں اس عمل کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جمعیت علماء اتر پردیش اس سلسلے میں ضلعی جمعیتہ کے ذمہ داران کی مکمل رہنمائی کرے گی ، اور مرکزی جمعیت کے قائم کردہ ہیلپ ڈیسک سے براہ راست رابطہ بھی ممکن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نومبر کے اختتام تک ہر زون اور ضلع اپنی پیش رفت رپورٹ صوبائی دفتر کو ارسال کرے گا۔