و کلا کو مؤثر پیروی کے ذریعہ جائیدادوں کے تحفظ پر زور، الحاج محمد سلیم کااجلاس سے خطاب
حیدرآباد : صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے وقف جائیدادوں سے متعلق مختلف عدالتوں میں زیردوران مقدمات کی عاجلانہ یکسوئی کے لئے اسٹانڈنگ کونسلس اور لا آفیسرس کو ہدایت دی ہے۔ محمد سلیم نے بعض اہم جائیدادوں سے متعلق مقدمات کی پیشرفت کا جائزہ لینے اجلاس منعقد کیا۔ مختلف عدالتوں میں 1200 سے زائد مقدمات زیرالتواء ہیں۔ وکلاء کو ہدایت دی گئی کہ مؤثر پیروی کے ذریعہ جائیدادوں کا تحفظ کریں۔ لا آفیسرس سے کہا گیا کہ عدالتوں میں داخل کئے جانے والے کاؤنٹرس اور حلف نامے بروقت تیار کریں۔ مؤثر پیروی نہ ہونے اور بروقت حلفناموں کے عدم ادخال کے نتیجہ میں قابضین کو راحت مل رہی ہے۔ محمد سلیم نے درگاہ حضرت سیف نواز جنگ مامڑ پلی، عاشورخانہ علی سعد مامڑپلی، درگاہ حضرت بابا شرف الدین پہاڑی شریف، مسجد عالمگیر عیدگاہ گٹلہ بیگم پیٹ اور درگاہ حضرت مخدوم بیابانی چیوڑلہ کی اراضیات پر ناجائز قبضوں کی برخاستگی کا جائزہ لیتے ہوئے ہائیکورٹ کے احکامات کے مطابق قابضین کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کی ہدایت دی۔ ان قیمتی اراضیات کا تحفظ بورڈ کی اولین ترجیح ہے۔ صدرنشین وقف بورڈ نے حال ہی میں اراضیات کا معائنہ کرتے ہوئے پولیس اور ریونیو عہدیداروں کو تحفظ کی ہدایت دی تھی۔ محمد سلیم نے کہا کہ حکومت نے وقف جائیدادوں اور اراضیات کے رجسٹریشن پر پابندی عائد کرتے ہوئے احکامات جاری کئے ہیں جس کیلئے وہ چیف منسٹر کے سی آر نے اظہارتشکر کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر اوقافی جائیدادوں کے تحفظ میں سنجیدہ ہیں۔ اجلاس میں مولانا سید اکبر نظام الدین صابری، صفی اللہ بیگ ایڈوکیٹ، ابواکرم ایڈوکیٹ، فرحان اعظم خان ایڈوکیٹ، نذیر حسین ایڈوکیٹ، وزیراحمد لا آفیسر اور محمد قاسم چیف ایگزیکیٹیو آفیسر نے شرکت کی۔
ٹاس ایس ایس سی ؍ انٹر میں داخلے
حیدرآباد: تلنگانہ اوپن اسکول کے ایس ایس سی ؍ انٹر میں داخلے کی معلومات اور رہنمائی کیلئے انگلش میڈیم اردو میڈیم کے طلباء وطالبات آدھار کارڈ زیراکس، اسنادات کے ساتھ محبوب حسین جگر ہال احاطہ سیاست عابڈس پر روزانہ شام 4 تا 7 بجے ربط کریں۔ ایس ایس سی پرائیویٹ طور پر امتحان کا طریقہ ختم ہونے کے بعد اوپن اسکول سے ہی امتحان دینے کے اہل ہیں۔