وقف رحمانیہ کے تعمیری کاموں کو جلد مکمل کرنے کا منصوبہ

   

ریاستی وزیر سرینواس گوڑ کا فنڈ فراہمی کا تیقن، محبوب نگر میں صدر کمیٹی کی پریس کانفرنس
محبوب نگر ۔ 22 ۔فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) عیدگاہ وقف رحمانیہ کی کمپاؤنڈ وال اور میناروں کی تعمیر کو جلد مکمل کرلیا جائے گا ۔ ان عزائم کا اظہار عیدگاہ وقف رحمانیہ کے نو نامزد صدر تقی حسین تقی نے کیا۔ جدید تشکیل شدہ کمیٹی کے عہدیداران نائب صدر نورالحسن ، جنرل سکریٹری حافظ ادریس، اراکین محمد نظام الدین ، قادر پاشاہ ، محمد پاشاہ ، اعجاز مرزا اور دیگر بھی پریس کانفرنس میں موجود تھے۔ تقی حسین تقی نے کہا کہ عیدگاہ کے اطراف ایک فضیل نما کمپاؤنڈ وال تعمیر و مکمل کرلی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی وزیر وی سرینواس گوڑ نے عیدگاہ کی ترقی کیلئے درکار معقول فنڈ کی فراہمی کا تیقن دیا ہے جس سے کمپاونڈ وال کے علاوہ عیدگاہ کو جانے کیلئے دو راستے بھی تعمیر کئے جائیں گے ۔ ملی و فلاحی کاموں کیلئے ایک عمارت کی تعمیر کا بھی منوبہ ہے ۔ تعمیری کاموں کیلئے شہر کے معززین اور انجنیئرس سے مشاورت بھی کی جائے گی ۔ تعمیر کی جلد تکمیل کیلئے اقدامات کئے جائیں گے ۔
مولانا ابوالکلام آزاد کی یوم وفات تقریب کا انعقاد
کریم نگر ۔ 22 ۔ فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کریم نگر سٹی کانگریس اقلیتی سیل صدر سید عقیل کی سرکردگی میں آج ضلع کانگریس پارٹی دفتر اندرا بھون میں مولانا ابوالکلام آزاد کی 65 ویں یوم وفات کے موقع پر کانگریس پارٹی قائدین نے مولانا آزاد کی تصویر پر پھول چڑھائے اور گلہائے عقیدت پیش کی ۔ اس موقع پر سابق ایم پی پونم پربھاکر سٹی کانگریس صدر کومٹ ریڈی ، نریندر ریڈی ، ریاستی آرگنائزنگ سکریٹری عبدالصمد نواب، ، محمد عرفان ، انجن کمار ، نہال احمد ، احمد علی ، شبانہ محمد، وکٹر اور دیگر قائدین موجود تھے۔