وقف فنڈ اور کرایہ جات کی وصولی کیلئے ریاست بھر میں خصوصی مہم

   

عہدیداروں کے ساتھ صدر نشین وقف بورڈ محمد سلیم کا اجلاس، عید گاہ گٹلہ بیگم پیٹ میں تعمیری کام روک دیا گیا

حیدرآباد۔/15 فبروری، ( سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ محمد سلیم نے عید گاہ گٹلہ بیگم پیٹ کی اوقافی اراضی پر ناجائز تعمیرات کے سلسلہ میں کمشنر پولیس راچہ کنڈہ اور دیگر عہدیداروں سے بات چیت کی۔ مقامی افراد نے اطلاع دی تھی کہ وقف اراضی پر غیر مجاز تعمیرات جاری ہیں جس پر صدر نشین وقف بورڈ نے عہدیداروں کی ٹیم روانہ کرتے ہوئے تعمیری کاموں کو روک دیا۔ انہوں نے اس سلسلہ میں پولیس میں شکایت درج کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کمشنر پولیس اور دیگر عہدیداروں سے ربط قائم کرتے ہوئے خواہش کی کہ اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کے سلسلہ میں وقف بورڈ سے تعاون کریں۔ شہر کے مضافاتی علاقوں میں کئی اہم اوقافی جائیدادوں پر غیر مجاز تعمیرات کی اطلاعات ملی ہیں اور ان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کی گئی۔ محمد سلیم نے پولیس اور ریونیو ڈپارٹمنٹ سے تعاون کی خواہش کی تاکہ وقف بورڈ کے عہدیدار غیر مجاز قبضوں اور تعمیرات کو روکنے میں کامیاب ہوسکیں۔ محمد سلیم نے آج وقف بورڈ کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے اوقافی جائیدادوں کے کرایہ جات کی وصولی اور عدالتوں میں زیر دوران مقدمات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے بورڈ کے اسٹینڈنگ کونسلس سے ہائی کورٹ میں زیر دوران مقدمات کا موقف دریافت کیا۔ محمد سلیم نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ کرایہ جات اور وقف فنڈ کی وصولی میں کوئی کوتاہی نہ کریں اور تلنگانہ بھر میں وصولی کیلئے خصوصی مہم چلائی جائے جس کے لئے ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وقف فنڈ اور کرایہ جات طویل عرصہ سے وصول طلب ہیں اور عہدیداروں کے تساہل کو برداشت نہیں کیا جائے گا ۔ انہوں نے کرایہ داروں کو ہدایت دی کہ وہ اپنے بقایا جاتا جلد از جلد کلکشن ٹیموں کے حوالے کریں۔ بقایا جات کی عدم ادائیگی کی صورت میں کریمنل ایکشن کے ذریعہ کرایہ داروں کو بیدخل کرنے کی کارروائی کی جائے گی۔ ہائی کورٹ اور دیگر تحت کی عدالتوں میں وقف مقدمات کے سلسلہ میں محمد سلیم نے لاء آفیسرس کو بروقت کاؤنٹرس تیار کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے وکلاء اور لاء ڈپارٹمنٹ میں بہتر تال میل کو ضروری قرار دیا۔ اسٹینڈنگ کونسلس نے بتایا کہ ہائی کورٹ اور وقف ٹریبونل میں مقدمات کی موثر پیروی کی جارہی ہے اورضرورت پڑنے پر سینئر وکلاء کی خدمات حاصل کی جارہی ہیں۔ اجمیر میں حضرت خواجہ غریب نواز کے جاریہ ماہ سالانہ عرس کے سلسلہ میں ہر سال کی طرح اس سال بھی حکومت تلنگانہ کی جانب سے خصوصی غلاف روانہ کیا جائے گا۔ محمد سلیم نے غلاف کی تیاری کی ہدایت دی۔ انہوں نے مساجد کی کمیٹیوں اور متولیوں کو ہدایت دی کہ وہ رمضان المبارک کے سلسلہ میں ابھی سے انتظامات شروع کردیں۔ سحر ، افطار اور نمازوں کے موقع پر عوام کو کوئی دشواری نہ ہونے پائے۔