وقف قانون کے خلاف 10 اپریل تا 7 جولائی مسلم پرسنل لا بورڈ کی ملک گیر مہم

   

وقف بچاؤ مہم کے تحت مختلف احتجاجی پروگراموں کو قطعیت، شہروں میں دھرنا اور قائدین کی گرفتاریاں، مسلم پرسنل لا بورڈ کا بیان
حیدرآباد۔/9 اپریل، ( سیاست نیوز) آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے 10 اپریل تا 7 جولائی ملک بھر میں ’’ وقف بچاؤ مہم ‘‘ کا اعلان کیا ہے۔ بورڈ کے صدر مولانا خالد سیف اللہ رحمانی، جنرل سکریٹری مولانا محمد فضل الرحیم مجددی اور کنوینر مجلس عمل برائے اوقاف ڈاکٹر سید قاسم رسول الیاس نے بیان جاری کرتے ہوئے مرکزی حکومت کی جانب سے منظورہ قانون کی مذمت کی اور اسے غیر دستوری قرار دیا۔ مسلم پرسنل لا بورڈ نے سپریم کورٹ میں وقف قانون کو چیلنج کیا ہے۔ بورڈ نے وقف بچاؤ مہم کے پہلے مرحلہ کا 10 اپریل سے آغاز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وقف بچاؤ مہم کے تحت پہلے مرحلہ کے احتجاجی نتائج کا جائزہ لینے کے بعد دوسرے مرحلہ کا اعلان کیا جائے گا۔ بورڈ نے واضح کیا کہ پُرامن اور دستور اور قانون کے دائرہ میں یہ مہم چلائی جائے گی۔ اس تحریک میں دیگر برادران وطن اور سیول سوسائٹی کو شامل کیا جائے گا۔ یہ تحریک شاہ بانو تحریک 1985 کی طرز پر چلائی جائے گی جس کے تحت ہر ریاست، ضلع ، شہر اور گاؤں تک احتجاج منظم کئے جائیں گے۔ پرسنل لا بورڈ کے قائدین نے کہا کہ مہم کا مقصد مسلمانوں کو متنازعہ ترمیمات اور فرقہ پرستوں کے عزائم سے واقف کرانا ہے۔ برادران وطن کے ذہنوں سے حکومت کے گمراہ کن پروپگنڈہ کے نتیجہ میں پیدا ہونے والی غلط فہمیوں کو دور کیا جائے گا۔ مہم کے تحت تحفظ اوقاف کاروان نکالا جائے گا جس کا آغاز 22 اپریل کو دہلی کے کال کٹورا اسٹیڈیم سے ہوگا اور اختتام 7 جولائی کو دہلی کے رام لیلا میدان میں ہوگا۔ اس کاروان میں بورڈ کے ذمہ دار، اہم دینی و ملی تنظیموں کے قائدین شرکت کریں گے۔ ہر شہر میں ایک جلسہ عام منعقد کیا جائے گا۔ ریاستی سطح پر دارالحکومت کے کسی بڑی شہر میں مسلم قیادت کی جانب سے احتجاج ، دھرنا و گرفتاریاں پیش کی جائیں گی۔ 11 اپریل سے 18 اپریل تحفظ اوقاف ہفتہ منایا جائے گا۔ جمعہ سے قبل مساجد میں خطابات، کارنر میٹنگس اور انسانی زنجیر بنائی جائے گی۔ 30 اپریل کو 9 بجے شب عوام سے اپیل کی جائے گی وہ بطور احتجاج اپنے گھر، آفس، فیکٹری اور دیگر اداروں میں نصف گھنٹہ تک برقی کو گُل رکھیں۔ ضلعی سطح پر دھرنے منظم کئے جائیں گے جس کا فیصلہ ریاست کے کنوینرس کرینگے۔ دھرنے کے بعد صدر جمہوریہ کو یادداشت ڈسٹرکٹ مجسٹریٹس کے ذریعہ روانہ کی جائے گی۔ برادران وطن کے ساتھ راؤنڈ ٹیبل اجلاس منعقد کئے جائیں گے اور دیگر مذہبی اوقاف کے ذمہ داروں کے ساتھ بھی اجلاس ہوں گے۔ پرسنل لا بورڈ نے احتجاج اور مظاہروں کے دوران اشتعال انگیز نعروں سے گریز کی ہدایت دی ہے۔1