وقف کرایوں کی وصولی میں تساہل پر کارروائی کا انتباہ

   

صدرنشین محمد سلیم اور مولانا اکبر نظام الدین کا عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس
حیدرآباد ۔4 ۔ فروری (سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ محمد سلیم نے وقف اداروں کے کرایہ جات کی وصولی میں تساہل کے ذمہ دار عہدیداروں کے خلاف کارروائی کا انتباہ دیا۔ محمد سلیم نے آج بورڈ کے رکن مولانا اکبر نظام الدین حسینی کے ہمراہ مختلف شعبہ جات کے عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ انہوں نے وقف بورڈ کی آمدنی میں اضافہ کے علاوہ وقف فنڈ ، اوقافی جائیدادوں کے تحفظ اور عدالتوں میں زیر دوران مقدمات پر تفصلات طلب کی ۔ انہوں نے شہر اور اضلاع میں اوقافی اداروں کے کرایہ جات کی وصولی کے سلسلہ میں ضلع واری رپورٹ طلب کی ۔ انہوں نے حالیہ عرصہ میں کرایہ جات کی وصولی میں کمی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ماہانہ کلکشن میں تساہل پر وقف انسپکٹرس کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔ محمد سلیم نے اوقافی اداروں کے کرایہ جات ، وصولی اور بقایہ جات کے سلسلہ میں تفصیلی رپورٹ پیش کرنے عہدیداروں کو ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ آمدنی میں اضافہ کے ذریعہ مسلمانوں کے لئے مختلف اسکیمات کا آغاز کیا جاسکتا ہے ۔ عہدیداروں کو ہدایت دی گئی کہ کسی بھی جائیداد پر ناجائز قبضے کی اطلاع ملنے پر ٹاسک فورس ٹیم کو فوری روانہ کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ اوقافی جائیدادیں اللہ کی امانت ہوتی ہے ، لہذا تحفظ میں تساہل دنیا اور آخرت کی تباہی کا سبب بنے گا۔ انہوں نے لیگل سیکشن اور پروٹیکشن سیکشن کو ہدایت دی کہ وہ اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنائے ۔ عدالتوں میں زیر دوران مقدمات کی موثر پیروی کے لئے کاونٹرس جلد تیار کئے جائیں ، اس کے لئے اسٹانڈنگ کونسلس سے بہتر تال میل کیا جائے ۔ مولانا اکبر نظام الدین حسینی نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ اپنی کارکردگی بہتر بناتے ہوئے جائیدادوں کے تحفظ کی ذمہ داری کی تکمیل کرے۔ انہوں نے کہا کہ بہتر کارکردگی سے عوام میں بورڈ کا نام روشن ہوگا۔ اس موقع پر چیف اگزیکیٹیو آفیسر محمد قاسم بھی موجود تھے۔