وقف کرایہ اور بقایہ جات کی وصولی کے لیے خصوصی مہم

   

حیدرآباد۔5۔جنوری(سیاست نیوز) تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ کی جانب سے ریاست بھر میں کرایوں کی وصولی کے سلسلہ میں خصوصی مہم چلائی جا رہی ہے ۔ چیف اکزیکیٹیو آفیسر تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ جناب سید خواجہ معین الدین کی نگرانی میں شروع کی گئی اس مہم کے تحت ریاست بھر میں 7 خصوصی کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں جو کہ اواقافی جائیدادوں کے کرایہ داروں کے علاوہ متولیان سے بقایاجات کی وصولی کے لئے پہنچ رہے ہیں۔ دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد کے علاوہ ریاست کے تمام اضلاع میں موقوفہ جائیدادوں پر موجود کرایہ داروں سے کرایہ کی وصولی کے سلسلہ میں شروع کی گئی اس مہم کے سلسلہ میں سی ای او وقف بورڈ جناب سید خواجہ معین الدین نے بتایا کہ بورڈ کو وصول طلب کروڑہا روپئے کی تیز رفتار وصولی کے سلسلہ میں کمیٹیوں کی تشکیل کے ذریعہ کرایہ کی وصولی کے اقدامات کا آغاز کیا گیا ہے اور جن کرایہ داروں کی جانب سے طویل مدت سے کرایہ ادا نہیں کیا گیا ہے ان کے خلاف قانونی کاروائی کا بھی فیصلہ کیاگیا ہے۔ شہر حیدرآباد و سکندرآباد کے علاوہ ضلع رنگاریڈی کے کرایوں کی وصولی کے لئے دو خصوصی ٹیمیں جناب محمد ابراہیم ‘ جناب محمد عبدالوحید کے علاوہ جناب سید جلیل احمد کی نگرانی میں تشکیل دی گئی ہیں۔ موقوفہ جائیدادوں کے کرایہ دار وقف بورڈ کی کرایہ وصولی مہم میں شامل ان عہدیداروں سے فون نمبرات 7995560131یا 9949023815یا9182290518 پر رابطہ کرتے ہوئے کرایہ کی ادائیگی کو یقینی بناسکتے ہیں۔ چیف اکزیکیٹیو آفیسر نے کرایہ داروں سے اپیل کی کہ وہ قانونی کاروائی سے محفوظ رہنے کے لئے فوری طور پر کرایہ کی ادائیگی کے سلسلہ میں اقدامات کریں اور وقف بورڈ کو معاشی طور پر مستحکم کرنے میں تعاون کریں۔3