کرایہ کی عدم ادائیگی پر کارروائی، دیگر کرایہ داروں کی تفصیلات بھی اکٹھا
حیدرآباد۔18۔مئی ۔ (سیاست نیوز) تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ نے طویل مدت سے کرایہ ادا نہ کرنے والوں کے خلاف کاروائی کا آغاز کردیا ہے۔ صدرنشین تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ جناب سید عظمت اللہ حسینی کی ہدایت پر چیف ایگزیکیٹیو آفیسر نے وقف بورڈ ٹاسک فورس ٹیم روانہ کرتے ہوئے سروے نمبر 91 اور92میں موجود12 ایکڑ 15گنٹے اراضی کو مہر بند کروایا۔ مذکورہ اراضی چارمینار ایجوکیشنل سوسائیٹی کوکرایہ پر دی گئی تھی ۔ درگاہ حضرت بابا شرف الدین سہروردیؒ پہاڑی شریف کے دامن میں موجود اس موقوفہ اراضی کو واپس حاصل کرنے کے فیصلہ کے متعلق صدرنشین وقف بورڈ جناب سید عظمت اللہ حسینی نے بتایا کہ نومبر 2021 میں مذکورہ جائیداد کی لیز میں توسیع دیتے ہوئے اگسٹ 2024 تک لیز کو بڑھایا گیا تھا اور کرایہ دار کی جانب سے اس مدت کا کرایہ جو کہ مجموعی طور پر 59لاکھ 25 ہزار روپئے ہوتا ہے اس کی ادائیگی نہیں کی گئی ۔ انہو ںنے بتایا کہ متعدد مرتبہ متوجہ کروانے کے باوجود کرایہ کی عدم ادائیگی پر سی ای او وقف بورڈ کو کاروائی کی ہدایت دی گئی تھی اور انہوں نے کاروائی کرتے ہوئے اس جائیداد کو واپس حاصل کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔ چارمینار ایجوکیشنل سوسائیٹی کو ملت کے لئے تعلیمی اداروں کے قیام کے لئے حوالہ کی گئی اس اراضی پر کسی بھی طرح کی تعلیمی سرگرمیاں انجام نہ دیئے جانے اور مذکورہ اراضی کو بطور فارم ہاؤز استعمال کئے جانے کے الزامات کا بھی سامنا ہے۔ چارمینار ایجوکیشنل سوسائیٹی کے نمائندہ ادیب قریشی کو سال 2021میں بعد مذاکرات جناب شاہنواز قاسم آئی پی ایس نے ان کے زیر استعمال اس اراضی کا ماہانہ کرایہ 1.5لاکھ مختص کرتے لیز میں 3 سال کی توسیع کے احکام جاری کئے تھے جو کہ سال 2024 اگسٹ میں ختم ہوچکی تھی ۔ جناب سید عظمت اللہ حسینی نے بتایا کہ انہوں نے طویل مدت سے کرایہ ادا نہ کرنے والوں کی فہرست تیار کرتے ہوئے وقف بورڈ کے کرایہ داروں سے کرایہ کی وصولی کے لئے کرایہ نادہندگان کو متوجہ کروانے کی ہدایت دی ہے تاکہ وقف جائیدادوں پر موجود کرایہ داروں سے کرایہ کی وصولی کے ذریعہ بورڈ کی آمدنی میں اضافہ کے اقدامات کو یقینی بنایا جاسکے ۔ انہو ںنے بتایا کہ جلد ہی ریاست بھر میں وقف جائیدادوں کو کرایہ پر حاصل کرنے کے باوجود ان کے کرایہ ادا نہ کرتے ہوئے جائیدادوں کو اپنے زیر استعمال رکھنے والوں کی تمام تفصیلات اکٹھا کرتے ہوئے جاری کی جائیں گی اور انہیں نوٹسوں کی اجرائی کے ذریعہ جلد کرایہ جمع کروانے کی ہدایت دی جائے گی۔3