دبئی، 4 نومبر (آئی اے این ایس) ہندوستانی اسٹار سمریتی مندھانا کی آئی سی سی ویمنز ونڈے بیٹنگ درجہ بندی میں حکمرانی ختم ہوگئی ہے، کیونکہ جنوبی افریقہ کی نوجوان کپتان لورا ولواڑٹ نے ہندوستان میں کھیلے گئے ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ میں شاندار کارکردگی دکھا کر نمبر ایک مقام حاصل کرلیا۔ 25 سالہ ولواڑٹ نے ٹورنمنٹ کے دوران زبردست فارم کا مظاہرہ کیا، خاص طور پر سیمی فائنل اور فائنل میں لگاتار سنچریاں اس کی شاندار کارکردگی کی جھلک تھیں۔ انہوں نے 571 رنز بنائے، جو ویمنز ورلڈکپ کی کسی ایک ایڈیشن میں سب سے زیادہ رنز ہیں۔ اس کارکردگی نے انہیں دو درجے ترقی دے کرکیریئر میں اعلیٰ 814 نشانات کے ساتھ پہلے مقام پر پہنچا دیا۔ مندھانا جو پورے ٹورنمنٹ کے دوران نمبر ایک مقام پر تھیں اور ٹیم آف دی ٹورنمنٹ میں بھی شامل ہوئیں، اب 811 نشانات کے ساتھ دوسرے مقام پر ہیں۔ ان کی مسلسل شاندار بیٹنگ، جس کی بدولت ہندوستان نے اپنی پہلی ویمنز ورلڈ کپ ٹرافی جیتی، انہیں دنیا کی صفِ اول کی بیٹرز میں برقرار رکھے ہوئے ہے۔ آسٹریلیا کی ایلس پیری نے بھی سیمی فائنل میں 77 رنز بناکر ٹاپ 10 میں جگہ بنالی، وہ 669 نشانات کے ساتھ ساتویں مقام پر پہنچ گئیں، جہاں وہ نیوزی لینڈ کی سوفی ڈیوائن کے ساتھ مشترکہ طور پر موجود ہیں، جنہوں نے حال ہی میں اس فارمیٹ سے سبکدوشیکا اعلان کیا ہے۔ ہندوستان کی جانب سے دیگر کھلاڑیوں نے بھی متاثر کیا۔ جمائمہ روڈریگز نے آسٹریلیا کے خلاف سیمی فائنل میں سنچری اسکور کرکے پہلی بار ٹاپ 10 میں جگہ حاصل کی، جب کہ نوجوان اوپنر فیبی لِچفیلڈ نے بھی 13 درجہ ترقی پاکر 13ویں مقام (637 نشانات) پر پہنچ گئیں۔ بولنگ درجہ بندی میں، جنوبی افریقہ کی مریزان کیپ انگلینڈ کے خلاف سیمی فائنل میں 5 وکٹیں لے کر دوسرے مقام پر پہنچ گئیں اور وہ انگلینڈ کی سوفی ایکلسٹون کے قریب پہنچ چکی ہیں۔ آسٹریلیا کی اینیبل سدرلینڈ اور کِم گارتھ ایک ایک درجہ ترقی پاکر بالترتیب چھٹے اور ساتویں مقام پر آگئیں۔ ہندوستان کی شری چارنی بھی7 درجے ترقی کرکے 23ویں مقام (511 نشانات) پر پہنچ گئیں۔ دوسری جانب ورلڈ کپ کی پلیئر آف دی ٹورنامنٹ دیپتی شرما نے آل راؤنڈر درجہ بندی میں ایک درجہ ترقی کے ساتھ چوتھا مقام (392 نشانات) حاصل کی، انہوں نے سیمی فائنل اور فائنل میں مجموعی طور پر 7 وکٹیں اور 82 رنز بنائے۔ جنوبی افریقہ کی نادین ڈی کلرک بھی دو درجے اوپر ہو کر 10ویں مقام (262 نشانات) پر پہنچ گئیں۔