حیدرآباد یکم / اکٹوبر ( سیاست نیوز ) حکومت آندھراپردیش نے ولیج سکریٹریٹ اور ٹاون سکریٹریٹ ( شہری سکریٹریٹ ) کیلئے تقرر کئے گئے ملازمین کیلئے فرائض کی انجام دہی کو قطعیت دے دی ہے اور فی الوقت ملازمتیں حاصل کرنے والے ملازمین کیلئے دو سال تک پروبیشن کی بنیاد پر خدمات انجام دیں گے ۔ باوثوق ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ نئے ملازمین انجام دئے جانے والے امور (موضوعات ) شرائط و ضوابط اور ذمہ داری سنبھالنے کے بعد سرویس امور پر عمل کے طریقہ کار پر توجہ مبذول کرنی ہوگی ۔ اسی ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ ولیج و ٹاون سکریٹریٹ کی خدمات انجام دینے کیلئے تقرر کئے جانے والے ملازمین کی مکمل ذمہ داری ہوگی کہ وہ عوام کو درپیش مسائل کی عاجلانہ یکسوئی کیلئے اقدامات کریںاور ان ملازمین کے ذریعہ حکومت کو کوئی شکایات کا موقع فراہم نہیں ہونا چاہئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ ان ولیج و ٹاون سکریٹریٹ ملازمین پر اعلی عہدیداروں کی جانب سے کڑی نظر رکھی جائے گی ۔ تاکہ ان ملازمین کی بہتر کارکردگی کی روشنی میں حکومت کو نہ صرف مقبولیت حاصل ہوسکے بلکہ حکومت پر عوام کے اعتماد میں بھی اضافہ ہوسکے ۔ اسی ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ ولیج و ٹاون سکریٹریٹ میں خدمات انجام دینے والی خاتون ملازمین کیلئے خصوصی رخصتوں کی سہولت فراہم رہے گی ۔ بالخصوص ولیج و ٹاون سکریٹریٹ میں خدمات انجام دینے والی حاملہ خاتون ملازمین کو باقاعدہ طور پر مکمل تنخواہ کے ساتھ چھ ماہ کی زچگی کی رخصت حاصل کرنے کے فوائد فراہم کئے جائیں گے ۔ علاوہ ازیں ابھی ملازمت میں رجوع ہونے کے وقت بھی اگر کوئی خاتون ملازمین بہ حالت حاملہ ہوں تو بھی ملازمت میں رجوع ہونے کے فوری بعد بھی چھ ماہ تک زچگی کی رخصت حاصل کرنے کا حکومت کے موقعہ فراہم کیا ہے ۔ لہذا ایسی حاملہ خواتین اس موقع سے بھرپور استفادہ کرسکتی ہیں ۔