ولیعہد ابوظہبی سے جلد ملاقات کا امکان: نتن یاہو

   

Ferty9 Clinic

تل ابیب: اسرائیل کے وزیر اعظم بنجامن نتن یاہونے کہا ہے کہ انہوں نے ابوظہبی کے ولیعہد شہزادہ محمد بن زاید النہیان سے بات کی ہے اور ہماری جلد ملاقات متوقع ہے۔غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم نے ملاقات کی تاریخ سے متعلق کچھ بھی بتانے سے گریز کیا۔ بنجامن نتن یاہو نے کہا کہ ‘میری ابوظہبی کے ولیعہد شہزادہ محمد بن زاید النہیان سے فون پر بات چیت ہوئی اور دونوں نے جلد ملاقات پر آمادگی کا اظہار کیا’۔اسرائیلی حکومت نے پارلیمنٹ کے توثیقی ووٹ سے قبل متحدہ عرب امارات کے ساتھ معاہدے کو متفقہ طور پر منظور کرلیا ہے۔بنجامن نتن یاہو نے کابینہ کے ہفتہ وار اجلاس کے بعد اپنے بیان میں کہا کہ انہوں نے ہفتے کے آخر میں ابوظہبی کے ولیعہد کے ساتھ گفتگو کی۔اسرائیلی وزیراعظم نے کہا کہ ‘ہم نے ان تعاون کے بارے میں بات کی جو سرمایہ کاری، سیاحت، توانائی، ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں میں ترقی کا باعث بن سکتا ہے’۔انہوں نے کہا کہ ‘ہم بھی تعاون کریں گے اور پہلے ہی کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں تعاون کر رہے ہیں’۔ متحدہ عرب امارات کے حکمران شیخ محمد بن زاید النہیان نے بھی علی الصبح مذکورہ ٹیلی فونک گفتگو کی تصدیق کرتے ہوئے ٹوئٹ میں کہا کہ انہوں نے خطے میں امن کے امکانات اور استحکام، تعاون اور ترقی کی ضرورت پر تبادلہ خیال کیا۔