اسلام آباد 16 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) سعودی ولیعہد محمد بن سلمان کی اپنے پہلے سرکاری دورہ پر پاکستان آمد میں ایک دن کی تاخیر ہوئی ہے تاہم اس کی وجوہات کا پتہ نہیں چل سکا ہے ۔ دفتر خارجہ کے بموجب شہزادہ محمد بن سلمان ہفتہ کو پاکستان پہونچنے والے تھے تاہم شیڈول میں معمولی تبدیلی کے بعد وہ اتوار کو وہاں پہونچیں گے ۔ تاہم پاکستان میں ان کے قیام اور پروگرامس میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے ۔ شہزادہ محمد بن سلمان کو جو سعودی عرب کے نائب وزیر اعظم و وزیر دفاع بھی ہیں پاکستان کے اعلی ترین سیویلین ایوارڈ نشان پاکستان سے سرفراز کیا جائیگا ۔ ایک اعلی سرکاری عہدیدار نے کہا کہ نا معلوم وجوہات کی بنا پر ان کی آمد میں ایک دن کی تاخیر ہوئی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ سعودی مہمان کے فقید المثال خیر مقدم کیلئے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔
نور خان فضائی اڈہ پر وزیر اعظم عمران خان ان کا استقبال کرینگے ۔