ولیمسن کا بطور کپتان ورلڈ کپ میں نیا ریکارڈ

   

لندن ۔15 جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن ورلڈ کپ فائنل میں کوئی خاطر خواہ کارکردگی تو نہ دکھا سکے اورصرف 30 رنز بناکر آؤٹ ہو گئے لیکن اس کے باوجود انہوں نے ورلڈ کپ میں نئی تاریخ رقم کردی۔ لارڈز کے تاریخی میدان پر کھیلے گئے ورلڈ کپ 2019 کے فائنل میں کین ولیمسن مشکل وقت میں اپنی ٹیم کے زیادہ کام نہ آ سکے اور ہنری نکولس کے ساتھ اچھی شراکت قائم کرنے کے بعد صرف 30رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے تاہم اس اننگز میں کم رنز اسکور کرنے کے باوجود کین ولیمسن نے نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا اور وہ کسی ایک ورلڈ کپ میں بحیثیت کپتان سب سے زیادہ رنز اسکور کرنے بیٹسمین بن گئے۔ ولیمسن نے ورلڈ کپ 2019 میں شاندار کھیل پیش کیا اور کئی مواقع پر تن تنہا اپنی ٹیم کو میچ میں فتح سے ہمکنار کروایا اور مجموعی طور پر ایونٹ میں 578 رنز اسکور کیے۔اس سے قبل ورلڈ کپ میں کوئی بھی کھلاڑی بحیثت کپتان اس سے زیادہ رنز اسکور نہیں کر سکا جبکہ ورلڈ کپ میں بحیثت کپتان سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ سری لنکن کپتان مہیلا جے وردنے کے پاس تھا جنہوں نے 2007 ورلڈ کپ میں 548 رنز بنائے تھے جبکہ اسی ایونٹ میں آسٹریلیا کی قیادت کرنے والے رکی پونٹنگ نے 539 رنز بنائے تھے۔