لندن۔30 مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) سال کے تیسرے گرانڈ سلام ومبلڈن کو کورونا وائرس کے بڑھتے قہر کو دیکھتے ہوئے منسوخ کیا جائے گا۔ جرمن ٹینس فیڈریشن کے نائب صدر ڈرک ہوردورف نے اسکائی اسپورٹس سے کہا کہ ومبلڈن کے آرگنائزر اس گراس کورٹ گرانڈ سلام ٹورنمنٹ کو اس ہفتے منسوخ کرنے کا اعلان کریں گے ۔آل انگلینڈ لان ٹینس کلب کے حکام نے اس سے پہلے کہا تھا کہ 29 جون سے 12 جولائی تک ہونے والے اس ٹورنمنٹ کو ناظرین کے بغیر نہیں کھیلا جائے گا اور اسے کسی خطرے کے بغیر ملتوی نہیں کیا جائے گا۔ہوردورف نے کہاکہ اس کی بورڈ ملاقات چہارشنبہ کو ہوگی جس میں ٹورنمنٹ کے بارے میں آخری فیصلہ لیا جائے گا ۔ میں اے ٹی پی اور ڈبلیوٹي اے اداروں سے بھی منسلک ہوں جہاں ضروری فیصلے پہلے ہی کئے جا چکے ہیں اور ومبلڈن منسوخ کرنے کا فیصلہ آرگنائزر چہارشنبہ کو لیں گے ۔ اس بات میں کوئی شک نہیں ہے ۔ موجودہ حالات میں یہ ضروری بھی ہے ۔ سفری پابندی لگی ہوئی ہیں، کھلاڑی سفر نہیں کر سکتے ہیں، ناظرین سفر نہیں کر سکتے ہیں ایسے میں کوئی بین الاقوامی ٹورنمنٹ کس طرح منعقد ہوگا۔ اس سے پہلے سال کے دوسرے گرانڈ سلام فرنچ اوپن کو ستمبر تک ملتوی کیا جا چکا ہے اور یہ سال کے آخری گرانڈ سلام یو ایس اوپن کے ایک ہفتے بعد ہوگا۔