اراضی کے پلاٹ سے مسخ شدہ نعش برآمد، پولیس مصروف تحقیقات
حیدرآباد ۔ /13 ستمبر (سیاست نیوز) سعیدآباد کے علاقے ونئے نگر کالونی میں ایک خاتون کا بہیمانہ قتل کردیا گیا ۔ پولیس کو شبہ ہے کہ خاطیوں نے 45 سالہ انجماں کی عصمت ریزی کے بعد اس کا گلا گھونٹ کر قتل کیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق ضلع نلگنڈہ سے تعلق رکھنے والی انجماں اپنے شوہر چندریا اور دیگر ارکان خاندان کے ساتھ روزگار کیلئے حیدرآباد منتقل ہوئی تھی اور وہ بی این ریڈی نگر میں مقیم تھی ۔ مقتولہ شادی خانوں میں کام کرکے زندگی گزارا کرتی تھی اور اسی دوران وہ شراب کی عادی ہوگئی تھی ۔ پولیس نے بتایا کہ انجماں گزشتہ 3 دن سے لاپتہ تھی اور آج اس کی نعش ونئے نگر کالونی سعیدآباد کے رہائشی علاقہ سے دستیاب ہوئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ مقامی افراد نے خاتون کی مسخ شدہ نعش ایک اراضی پلاٹ میں دیکھ کر پولیس کو اطلاع دی اور فوری انسپکٹر سعیدآباد مسٹر کے سرینواس کلوز ٹیم کے ہمراہ پہونچ گئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ ابتدائی تحقیقات میں پولیس کو یہ معلوم ہوا ہے کہ انجماں اکثر چمپاپیٹ کے ایک سیندھی خانے میں شراب نوشی کیا کرتی تھی اور بعض افراد نے اسے اس مقام پر منتقل کیا ۔ باور کیا جاتا ہے کہ اس کی عصمت ریزی کے بعد خاتون کا گلا گھونٹ کر قتل کردیا گیا ۔ کلوز ٹیم نے مقام واردات سے نامعلوم افراد کی چپلوں کی جوڑ اور دیگر اشیاء برآمد کیا ۔ پولیس سعیدآباد نے قتل کا ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا اور نعش کو بغرض پوسٹ مارٹم دواخانہ عثمانیہ کے مردہ خانہ منتقل کیا ۔ قاتلوں کی گرفتاری کیلئے پولیس کی خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں ۔