مجلس بلدیہ عادل آباد کی عمارت کو منہدم کرنے کے بیان پر ظہیر رمضانی کا ردعمل
عادل آباد /21 ڈسمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) مقامی رکن اسمبلی کو اختیار نہیں کہ وہ مجلس بلدیہ کے اجلاس میں منطور شدہ قرارداد کے بعد کروڑوں روپئیوں سے تعمیر کردہ ونائیک چوک کو منہدم کریں ۔ ان خیالات کا اظہار عادل آباد مجلس بلدیہ نائب صدر مسٹر ظہیر رمضانی نے کیا اور کہا کہ ونائیک چوک کی خوبصورتی سے عادل آباد رکن اسمبلی دلبرداشتہ ہو رہے ہیں تو وہ ونائیک چوک تعمیر پر صرف کردہ رقم کی ادائیگی عادل آباد مجلس بلدیہ کو کریں پھر ونائیک چوک کو منہدم کریں ۔ انہو ںنے مرکزی حکومت بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عادل آباد مجلس بلدیہ میں بی جے پی سے تعلق رکھنے والے گیارہ اراکین ہونے کے باوجود مرکزی حکومت کی جانب سے مجلس بلدیہ عادل آباد کیلئے مرکزی حکومت سے کوئی رقم فراہم نہ ہوسکی ۔ اس کے باوجود عادل آباد بلدیہ کے حدود میں موجودہ 49 وارڈز میں کے سی آر حکومت کی جانب سے مسٹر جوگو رامنا سابق ریاستی وزیر کی کاوشوں کے بنا پر ہر وارڈ میں کروڑوںروپیوں سے تعمیراتی کاموں کو انجام دیا گیا ۔ بی جے پی سے تعلق رکھنے والے عادل آباد رکن اسمبلی پی شنکر کی جانب سے وینائک چوک منہدم کرنے کے بیان پر نائب صدر مجلس بلدیہ میڈیا سے مخاطب ہوکر رکن اسمبلی کے بیان پر شدید تنقید کیا ۔ واضح رہے کہ قبل از مستقر عادل آباد کے کلکٹریٹ کانفرنس ہال میں عادل آباد رکن اسمبلی مسٹر پی شنکر نے مجلس بلدیہ عہدیداروں کا ایک جائزہ اجلاس منعقد کیا تھا جس میں موصوف نے ونائیک چوک کی تعمیر کو نشانہ بناتے ہوئے اس کو منہدم کرنے کمشنر مجلس بلدیہ شریمتی شیلجہ کو ہدایت دی تھی ۔