احمدآباد 19 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) سی بی آئی نے اپنی ایک خصوصی عدالت سے کہا ہے کہ گجرات کے عشرت جہاں اور دیگر تین کے مبینہ فرضی انکاؤنٹر کیس میں ریٹائرڈ پولیس افسران ڈی جی ونجارا اور نریندر کمار امین کے خلاف استغاثہ کی کارروائی کرنے کی اجازت دینے سے انکار کردیا ہے۔ حکومت کا یہ فیصلہ ونجارا اور امین کے خلاف متنازعہ مقدمہ سے دستبرداری کی راہ ہموار کرسکتا ہے۔ سی بی آئی کے وکیل آر سی کوڈیکر کی طرف سے عدالت میں پیش کردہ مکتوب کے بعد جج جے کے پانڈیا نے کہاکہ تعزیتی ضابطہ کی دفعہ 197 کے تحت اس مقدمہ کے ملزم دو سابق افسران کے استغاثہ کی کارروائی کی اجازت دینے سے ریاستی حکومت نے انکار کردیا ہے۔ وکیل صفائی نے بعدازاں ونجارا اور امین کے خلاف کارروائی سے دستبرداری کے لئے درخواست دائر کرنے کی اجازت طلب کی۔ عدالت نے اجازت دے دی اور استدعا کو قبول کرتے ہوئے 26 مارچ کو درخواست دائر کرنے کی ہدایت کی۔
