نئی دہلی، 18 مارچ (یو این آئی) ریلوے کے وزیر اشونی وشنو نے چہارشنبہ کے روز لوک سبھا میں بتایا کہ وندے بھارت ٹرینوں کیلئے وسیع حفاظتی اقدامات کئے گئے ہیں۔ اشونی وشنو نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ ٹرینوں کی حفاظت کیلئے پٹریوں پر شیلڈ بھی لگائی گئی ہیں۔ محکمہ ریلوے مسافروں کی سلامتی کیلئے پابند عہد ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بہت ساری ریاستیں ریلوے کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے زمین کے حصول میں تعاون کر رہی ہیں، لیکن بعض ریاستیں ایسا نہیں بھی کر رہی ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ ریلوے کے کام کو سیاست سے نہ جوڑا جائے اور اسے ذاتی مسئلہ نہ بنایا جائے ۔ وہ ریلوے کی ترقی کیلئے تمام ریاستوں سے تعاون کی توقع رکھتے ہیں۔ اشونی وشنو نے ایک دوسرے سوال کے جواب میں کہا کہ کونکن ریلوے ایک کمپنی ہے اور اسے مسلسل نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے ۔ حکومت کونکن ریلوے کو خسارے سے بچانے کی کوشش کر رہی ہے اور اس معاملے پر متعلقہ ریاستوں سے خط و کتابت کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جھارکھنڈ میں ریلوے کے متعدد ترقیاتی منصوبے شروع کیے گئے ہیں جن میں ریاست کے اندر متعدد ریلوے لائنوں کو ڈبل کرنا بھی شامل ہے۔
حکومت فحش گانوں اور مناظر پر روک لگانے پابند عہد:وزیر اطلاعات
نئی دہلی، 18 مارچ (یو این آئی) وزیر اطلاعات و نشریات اشونی وشنو نے بدھ کے روز لوک سبھا میں کہا کہ حکومت فحش گانوں اور مناظر کی نمائش پر روک لگانے کے لیے پابند عہد ہے اور ایسے معاملات میں فوری طور پر پابندی عائد کی جاتی ہے ۔ سماج وادی پارٹی کے آنند بھدوریا کی طرف سے پوچھے جانے والے سوال کے جواب میں مسٹر اشونی وشنو نے کہا کہ “ٹٹیری” گیت پر پابندی لگا دی گئی ہے ۔ حکومت فحش گانوں اور مناظر کے حوالے سے سنجیدہ ہے اور ان پر پابندی کے لیے فوری کارروائی کی جائے گی۔ کوئلہ اور کانوں کے وزیر جی کشن ریڈی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ حکومت اہم معدنیات کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے مسلسل کوششیں کر رہی ہے اور بیرونی ممالک سے بھی رابطہ کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اہم معدنیات کا 40 فیصد اسکریپ الیکٹرانک آلات سے حاصل کیا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے ریاستی حکومتوں اور عوام سے اپیل کی کہ وہ الیکٹرانک آلات کو ضائع کرنے سے گریز کریں۔
ریاست کا ریلوے بجٹ 16 گنا بڑھا کر 7,306 کروڑ روپے کر دیا گیا ہے ۔