’وندے ماترم‘ کو آر ایس ایس، بی جے پی نے قبول نہیں کیا:کانگریس

,

   

نئی دہلی7نومبر (یو این آئی) کانگریس کے صدر ملکارجن کھرگے نے وندے ماترم کو قوم کی اجتماعی روح کو بیدار کرنے والا بتایا، انہوں نے وندے ماترم کو جدوجہدآزادی کا اعلان قرار دیتے ہوئے آر ایس ایس اور بی جے پی پر تنقید کی، اور کہا کہ قوم پرستی کا نعرہ بلند کرنے والے اس تنظیم کے لوگوں نے اپنی شاخوں اور میٹنگوں میں کبھی یہ گیت نہیں گایا۔ کھرگے نے قومی گیت وندے ماترم کے 150سال مکمل ہونے کے موقع پر جمعہ کے روز ایک پیغام میں کہا کہ اس قومی گیت نے ہماری قوم کی اجتماعی روح کو بیدار کیا اور آزادی کی جدوجہد کا نقیب بنا ۔بنکم چندر چٹرجی کا تخلیق کردہ یہ گیت ‘بھارت ماتا’ یعنی ہندوستان کے عوام کی وحدت اور تنوع کی علامت ہے ۔کانگریس ’وندے ماترم‘ کی فخر انگیز علمبردار رہی ہے ، اور 1896 میں کولکتہ میں کانگریس کے اجلاس کے دوران، اس وقت کے صدر رحمت اللہ سیانی کی قیادت میں رابندرناتھ ٹیگور نے پہلی بار عوامی طور پر وندے ماترم قومی گیت گایا تھا، جس سے آزادی کی تحریک میں نئی روح پیدا ہوئی۔انہوں نے کہا کہ کانگریس برطانوی سامراج کی ’پھوٹ ڈالو اور راج کرو‘پالیسی کو سمجھتی تھی، اور اس وقت انگریزوں کی اس پالیسی کے خلاف وندے ماترم ایک ناقابل شکست قوت کا نعرہ بن کر ابھرا، جس نے تمام ہندوستانیوں کو بھارت ماتا کی عقیدت میں ایک طاقت کے طور پر متحد کر دیا، پھر 1905میں تقسیم بنگال سے لے کر آزادی کے مجاہدین کی آخری سانسوں تک وندے ماترم کی گونج پورے ملک میں سنائی دینے لگی۔

ریکھا گپتا کی وندے ماترم کی 150 ویں سالگرہ پر مبارکباد
نئی دہلی، 7 نومبر، (یو این آئی) قومی گیت ’’وندے ماترم‘‘ کی 150 ویں سالگرہ پر جمعہ کو دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا سمیت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی اعلیٰ قیادت نے مبارکباد دیتے ہوئے مختلف پروگراموں میں حصہ لیا۔محترمہ گپتا نے کہا کہ یہ شاندار موقع عزت نفس، ثقافتی شعور اور قومی نشاۃ ثانیہ کا ایک منفرد لمحہ ہے ۔سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں، انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی دور اندیش قیادت میں ملک ’وکست بھارت‘ کے مہا ابھیان کی طرف مسلسل بڑھ رہا ہے ۔ وندے ماترم کی یہ لامتناہی حب الوطنی ہمیں ’نیشن فرسٹ‘ کے جذبے اور اجتماعی عزم کے ساتھ ایک نئے ہندوستان کی تعمیر کے لیے تحریک دے رہی ہے ۔قومی گیت کی 150 ویں سالگرہ کے موقع پر امبالہ میں منعقدہ ایک پروگرام میں ہریانہ کے وزیر اعلیٰ نائب سنگھ سینی نے کہا، “وندے ماترم صرف ایک قومی گیت نہیں ہے ، یہ ہندوستان کی شناخت ہے ۔ اس نے سوراج تحریک کو نئی سمت اور تحریک دی۔ بی جے پی کے قومی شریک خزانچی اور راجیہ سبھا کے رکن پارلیمنٹ نریش بنسل نے یواین آئی کو بتایا کہ آج پورا ملک بنکم چندر چٹرجی کو یاد کر رہا ہے۔
انہوں نے اس گیت کے ذریعے ملک کو جو عزت بخشی اسے ہم کبھی نہیں بھولیں گے ۔
جنوبی ممبئی ضلع کی طرف سے کولابہ اسمبلی میں منعقد ایک پروگرام میں بی جے پی کے قومی تنظیم کے وزیر شیو پرکاش نے شرکت کی۔ انہوں نے اس پروگرام کی تصاویر اپنے سوشل میڈیا پر شیئر کیں۔
اتر پردیش بی جے پی کے صدر بھوپیندر چودھری نے اپنے پیغام میں کہا، “ماں بھارتی کی آزادی کے بعد سے آج تک ہر ہندوستانی کے دل میں حب الوطنی کی شمع روشن کرنے والے لافانی قومی گیت ‘وندے ماترم’ کے 150 سال مکمل ہونے پر آپ سب کو دلی مبارکباد اور نیک خواہشات۔