حیدرآباد 22 جولائی (سیاست نیوز ) شہر کے نواحی علاقہ ونستھلی پورم میں سمیت غذا سے متاثرہ خاندان میں ایک شخص کی موت ہوگئی۔ بونال تہوار کے موقع پر اس خاندان نے مٹن اور چکن کا استعمال کیا تھا۔ ونستھلی پورم آر ٹی سی کالونی میں پیش آئے واقعہ سے علاقہ میں سنسنی پھیل گئی۔ ذرائع کے مطابق اس واقعہ میں 46 سالہ سرینواس یادو فوت ہوگیا جبکہ اس خاندان کے 8 افراد متاثر ہوگئے جن میں 2 کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق بونال تہوار کے موقع پر مٹن اور چکن کو چند افراد نے استعمال کیا اور پھر فریج میں رکھ دیا۔ پیر کو دوبارہ اس کا استعمال کیا گیا جس کے بعد افراد خانہ متاثر ہوگئے جنہیں ہاسپٹل سے رجوع کیا گیا۔ اس واقعہ میں سرینواس یادو آج علاج کے دوران فوت ہوگیا جبکہ متاثرین میں 38 سالہ رجیتا، 65 سالہ گوراماں، 15 سالہ جشویتا، 17 سالہ لاہری، 39 سالہ سنتوش کمار، 38 سالہ رادھیکا، 7 سالہ لڑکی کرتینگا شامل ہیں اور ان تمام کا ایک خانگی ہاسپٹل میں علاج جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق جس گوشت کے ذریعہ مٹن کری اور چکن کری تیار کی گئی اس کو استعمال کے بعد فریج میں رکھا گیا اور دوسرے دن اس کو استعمال کیا گیا جس کے بعد ان تمام کی صحت بگڑ گئی۔ پولیس نے اس سلسلہ میں مقدمہ درج کرلیا ۔ ع