رہائشی علاقہ پر دھوئیں کے بادل سے سنسنی، اپارٹمنٹ سے افراد کی منتقلی
حیدرآباد ۔ /27 اکٹوبر (سیاست نیوز) ونستھلی پورم علاقہ میں پیش آئے مہیب آتشزدگی کے واقعہ میں ٹائرکا گودام جلکر خاکسر ہوگیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ آج شام تقریباً 5 بجے ٹائر کے گودام میں اچانک آگ لگنے کے نتیجہ میں مقامی عوام خوف و ہراس ہوگئے اور فائر کنٹرول روم کو اطلاع دی گئی ۔ اندرون چند منٹ فائرانجنس جائے حادثہ پر پہونچ گئے اور راحت کاری کام شروع کردیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ ٹائرگودام رہائشی علاقہ میں واقع ہے اور مہیب آتشزدگی کی وجہ سے علاقہ میں دھواں بھر گیا تھا اور بعض افراد کو وہاں سے دوسری جگہ منتقل کردیا گیا ۔ آگ پر قابو پانے کیلئے فائرانجن عملہ کو کافی دشواریاں پیش آرہی تھیں جس کے نتیجہ میں دونوں شہروں سے وابستہ جملہ 6 فائر انجنوں کو اس آپریشن میں استعمال کیا گیا ۔ جائے حادثہ کے قریب واقع ایک اپارٹمنٹ کے مقیم افراد کو بھی فائرانجن عملہ نے وہاں سے ہٹادیا ۔ اور آگ پر قابو پانے کا کام رات دیر گئے تک جاری تھا ۔ بتایا جاتا ہے کہ شارٹ سرکٹ کے نتیجہ میں یہ حادثہ پیش آیا ہوگا اور پولیس ونستھلی پورم نے اس ضمن میں ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا ۔